ریاض ملک
سرینگر//نائب وزیر اعلی سریندر سنگھ چودھری نے کہا کہ اسمبلی کے پہلے ہی سیشن میںخصوصی پوزیشن کی بحالی سے متعلق قراردادلانانیشنل کانفرنس کا چناوی وعدہ تھا جو پورا کیا گیا۔قرارداد منظور ہونےکے بعد اسمبلی کے صحن میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے نائب وزیر اعلی سریندر سنگھ چودھری نے کہا کہ قانون ساز اسمبلی میں قرارداد لانا ہندوستان کے آئین کو مضبوط کرنے کا اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ370کا خاتمہ نہ صرف ایک سیاسی موقف تھا بلکہ ایک اہم مسئلہ تھا جو شروع سے ہی ان کی مہم کا حصہ رہا ہے۔انہوںنے عوام سے الیکشن منشورمیں کئے گئے وعدوں کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ خصوصی پوزیشن کی بحالی سے متعلق قرارداد پہلے سیشن میںلانے کا وعدہ ہوا تھا اور ہم نے آج وہ وعدہ پورا کیا۔نائب وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ ہم وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کو جموں و کشمیر کے باشندوں کے لیے زمین اور ملازمتوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ریاست کی بحالی کے لیے کیے گئے وعدوں کی یاد دہانی کرانا چاہتے ہیں۔سریندرسنگھ چودھری نے دہرایا کہ ان کی حکومت ان حقوق کی بحالی کے لیے دباؤ ڈالتی رہے گی۔انہوں نے زور دے کر کہاکہ ہم جموں و کشمیر کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں اور ماضی میں کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہم صرف آئین کے تحت اپنے حقوق مانگ رہے ہیں۔