فوٹو//محنت کشوں کو ان کے حقوق کے بارے میں بیدار کرنے کے لئے چناب ویلی ورکرز یونین کی جانب سے یومِ مئی کی مناسبت سے ایک تقریب منعقد کی گئی جس کی صدارت فرید احمد شیخ نے کی۔ مقررین نے ریاستی حکومت بالخصوص محکمہ دیہی ترقی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ٹھیکیداروں اور کچھ راشی افسران کی ملی بھگت سے منریگا کے تحت آنے والی بھاری بھر کم رقومات کو ڈکار لیا جاتا ہے ۔پاسری بس اڈہ پرمنعقدہ اس تقریب میں خطہ چناب کے تینوں اضلاع ڈوڈہ ،کشتواڑ اور رام بن سے آئے ہوئے ورکروں نے حصہ لیا ۔ یونین لیڈران نے کہا کہ سادہ لوح مزدوروں کے حقوق تلف کئے جا رہے ہیں ، حکومت اور نجی سیکٹر دونوں جگہ پر محنت کش طبقہ استحصال کا شکار ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یونین نے فیصلہ کیا ہے کہ مزدور طبقہ کو ان کے حقوق کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا اور ان کے حقوق کی جدوجہد کے لئے پورے خطہ چناب میں ایک منظم تحریک چلائی جائے گی۔ تنظیم کے پبلسٹی سیکرٹری طارق حسین نے اس موقعہ پر کہا کہ مزدور طبقہ قابل رحم حالت میں زندگی بسر کر رہا ہے ، انہیں بنیادی سہولیات زندگی دستیاب نہیں ہیں۔ انہوں نے حکومت سے سیری بازار اور پاسری بس اڈہ پر فوری طور شیڈ اور بیت الخلاءتعمیر کرنے کا مطالبہ کرنے کے علاوہ منریگا مزدوروں کی اجرت 173روپے سے بڑھا کر 300روپے یومیہ کئے جانے کی مانگ کی۔