چنئی// چنئی کے انا سلائی روڈ پر اچانک سڑک دھنسنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس کی زد میں ایک بس اور کار بھی آ گئی۔ بس میں 35 مسافر سوار تھے۔ اس حادثہ میں کچھ لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ اگرچہ وقت رہتے تمام مسافروں کو محفوظ نکالنے کی وجہ سے بڑا حادثہ ٹل گیا۔ بس ڈرائیور نے بتایا، 'بس اسٹاپ پر مجھے کچھ ہلچل محسوس ہوئی۔ شروع میں مجھے لگا کہ شاید ٹائر پنکچر ہو گیا ہے۔ لیکن باہر دیکھا تو پتہ چلا کہ سڑک دھنس رہی ہے۔ ' ڈرائیور کے مطابق اسی وقت مسافروں کو اترنے کی ہدایت دے دی۔ کچھ دیر میں بس نیچے کی طرف دھنسنے لگی۔ اسی دوران پاس سے گزر رہی کار بھی دھنس گئی۔دراصل، چنئی میں امریکی قونصل خانے کے قریب ہی انا سلائی روڈ پر جمنی پل کے قریب چنئی میٹرو کا کام چل رہا ہے۔ کام کے دوران یہاں بڑا گڈھا بن گیا تھا۔ میٹرو کے حکام نے بتایا کہ یہاں میٹرو کے لئے ٹنل بورنگ کا کام چل رہا تھا۔