لندن //افریقی ملک گھانا میں جان لیوا ماربرگ وائرس کے اولین کیسز کی تصدیق ہوئی ہے ، یہ پہلی بار ہے جب مغربی افریقی ملک میں ایبولا جیسی اس بیماری کو دریافت کیا گیا ہے۔ صحت حکام نے باضابطہ طور پر ماربرگ وائرس کے 2 کیسز کی تصدیق کردی ہے جو کہ ایبولا سے ملتی جلتی ایک انتہائی موذی بیماری ہے۔محکمہ صحت کی جانب سے یہ تصدیق رواں ماہ کے آغاز میں اس وائرس سے متاثرہ 2 افراد کے انتقال کے بعد سامنے آئی ہے۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے افریقی ملک گھانا میں نئے مرض کی تصدیق کردی۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق ان 2 افراد کے ٹیسٹ 10 جولائی کو مثبت آئے تھے لیکن سینیگال کی ایک لیبارٹری میں ان نتائج کا جائزہ لیا گیا تاکہ کیسز کی تصدیق کی جا سکے۔گھانا ہیلتھ سروس (جی ایچ ایس) نے ایک بیان میں کہا کہ ’سینیگال کے شہر ڈکار میں واقع انسٹی ٹیوٹ پاسچر میں مزید جانچ نے ان نتائج کی تصدیق کی ہے۔ماربرگ وائرس سے متاثر افراد کے لیے کوئی علاج یا ویکسین دستیاب نہیں اور یہ بیماری ایبولا جتنی ہی جان لیوا ثابت ہوتی ہے،تیز بخار اور جسم کے مختلف حصوں سے خون کا اخراج اس بیماری کی علامات ہیں،اولین کیسز کی تصدیق کے بعد مریضوں کے رابطے میں رہنے والے 98افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے،ماربرگ وائرس جانوروں بشمول چمگادڑ سے انسانوں میں پھیلتا ہے اور اب تک افریقا میں انگولا، کینیا، جنوبی افریقا، جمہوریہ کانگو اور یوگنڈا میں اس کے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے،اس بیماری میں مریض کو اچانک تیز بخار اور سردرد کی شکایت ہوتی ہے، جبکہ اس کے شکار افراد میں اموات کی شرح 24 سے 88 فیصد ہوتی ہے، جس کا انحصار وائرس کی قسم پر ہوتا ہے۔ادھرجمہوریہ چیک میں کورونا وائرس کے ذیلی قسم اومیکرون بی اے .2.76 کا پہلا معاملہ رپورٹ ہوا ہے ۔