سرینگر// ٹی آر سی گرائونڈ سری نگر میں جاری چمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں منگل کے روز الیگنٹ سٹرائیکرس نے فرید فالکنز کو 41 رنز سے شکست دے دی۔ الیگنٹ سٹرائیکرس نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 30 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 246 رنز بنائے۔ سٹرائیکرس کے لئے نصیر اور طاہر نے بالترتیب 55 اور 40 سکور کئے۔ فالکنز کے لئے عمر نے تین اور الطاف نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کا تعاقب کرنے اتری فرید فالکنز 205 رنز ہی بنا پائی اور یوں یہ مقابلہ 41 رنوں سے ہار گئی۔ سٹرائیکرس کے لئے سجاد اور عامر نے بالترتیب تین اور دو وکٹیں حاصل کیں۔ سٹرائیکرس کے لئے 55 رنز سکور کرنے والے نصیر بٹ کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔ یہ ٹورنامنٹ کرکٹ فریٹرنٹی ڈل گیٹ کے زیر اہتمام کھیلا جارہا ہے جس میں 32 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔