محمد تسکین
بانہال// جموں سرینگر شاہراہ پر واقع بانہال کے چملواس علاقے میں مقامی لوگوں نے فورلین شاہراہ پر اٹھتے گرد و غبار کی وجہ سے تنگ آنے کے بعد فورلین شاہراہ کی تعمیراتی کمپنیوں کے خلاف منگل کے روز احتجاجی مظاہرے کئے ہیں جس کی وجہ سے شاہراہ پر گاڑیوں کی امدورفت کم از کم ایک گھنٹے تک معطل رہی۔ احتجاجی مظاہرین کا الزام ہے کہ فورلین شاہراہ کی تعمیراتی کمپنیوں اور ٹھیکیداروں نے سڑکوں کو مٹی سے بھر رکھا ہے اور گاڑیوں کے چلنے کی وجہ سے سڑک سے اٹھنے والا گرد و غبار گھروں میں گھس جاتا ہے اور لوگوں کا جینا دو بھر ہو کر رہ گیا یے۔ انہوں نے کہا کہ گرد آلود سڑک پر ٹینکروں سے پانی نہ چھڑکنے کی وجہ سے کھیت کھلیانوں میں سبزیاں ، پھلدار درخت اور فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ احتجاج کی وجہ سے شاہراہ پر گاڑیوں کی امدورفت کم از کم ایک گھنٹے تک معطل رہی۔ بعد میں تحصیلدار بانہال امتیاز احمد اور ایس ایچ او بانہال نعیم الحق نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ ان کے مسئلے کو جلد از جلد حل کیا جائیگا اور سڑک پر پانی کے چھڑکاؤ کیلئے ٹینکروں کا استعمال یقینی بنایا جائے گا۔ حکام کی یقین دھانی کے بعد لوگوں نے مظاہرہ ختم کرکے شاہراہ پر ٹریفک کو چلنے کی اجازت دی۔