سری نگر//چلہ کلاں اور چلہ خوردکے 60 ایام مکمل ہونے کے بعد محکمہ موسمیات نے 20فروری سے برفباری اور بارشیں ہونے کی پیشگوئی کی ہے ۔29اور30جنوری کی درمیانی شب چلہ کلان نے اپنی40روزہ معیادمکمل کی تھی ،اور30جنوری سے چلہ خوردکے20دن شروع ہوئے تھے جواتوارکومکمل ہوگئے ۔چلہ خورد کے آخری روز اتوار کو پوری وادی میں موسم بہار جیسی دھوپ کھلی رہی۔آج سے’ چلہ بچہ‘ کے ایام شروع ہورہے ہیں۔محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ20فروری سے وادی میں بارشیں اور برفباری ہوسکتی ہے کیونکہ منگل سے مغربی ہوائوں کارُخ پھرجموں وکشمیرکی جانب ہوگا۔دریں اثناء صوبائی حکام نے بالائی علاقوں میں برفانی تودے گرنے کی تازہ وارننگ جاری کردی ہے۔ایک ترجمان کے مطابق بارہمولہ،گلمرگ،فرکیان گلی،کپوارہ چوکی بل ٹنگڈار سڑک، اننت ناگ، کولگام،بڈگام،کپوارہ، بانڈی پورہ، گاندر بل اور بانڈی پورہ کنزلون گریز سیکٹر میں برفانی تودے گرنے کا امکان ہے لہٰذا لوگ ان علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔