ایم ایم پرویز
رام بن//ہفتہ کی شام رام بن ضلع میں جموں سری نگر قومی شاہراہ پر رام بن کے مروگ علاقے میں چلتی منی بس سے سڑک پر گرنے سے ایک مسافر کی موت ہو گئی۔پولیس نے بتایا کہ بس رام بن سے اکھرال کی طرف جارہی تھی جب یہ حادثہ پیش آیا۔پولیس کے مطابق جموں سری نگر قومی شاہراہ پر مروگ کے مقام پر ایک شخص منی بس زیررجسٹریشن نمبر JK06-0867 سے نیچے گر گیا جس کے نتیجے میں وہ شخص شدید زخمی ہو گیا جسے فوری طور پر ضلع ہسپتال رام بن لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔پولیس نے متوفی کی شناخت سنیل سنگھ (28) ولد مرحوم کرپال سنگھ کٹوچ ساکن کوٹ پوگل تحصیل پوگل پارستان (اکھرال) ضلع رام بن کے طور پر کی ہے۔ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس رامبن پردیپ سنگھ سین نے کہا کہ پولیس نے پولیس اسٹیشن رام بن میں جلدی اور لاپرواہی سے گاڑی چلانے کی وجہ سے موت کا معاملہ درج کیا ہے۔