محمد بشارت
کوٹرنکہ //ریاسی ضلع کے مہو ر سب ڈویژن میں رمضان المبارک کے دوران بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔سب ڈویژن کے چسانہ علاقہ کے صارفین نے محکمہ بجلی کیساتھ ساتھ مقامی سیول انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ رمضان کے شروع سے ہی بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے جبکہ سحری اور افطاری کے دوران اکثر بجلی کی سپلائی کو بند کر دیا جاتا ہے ۔مقامی سرپنچ ایان ملک نے کہاکہ محکمہ بجلی کی جانب سے جاری شیڈول پر کوئی عمل نہیں کیا جارہا ہے جبکہ رمضان کے شروع ہونے کے دوران انتظامیہ کی جانب سے دی گئی یقین دہانی بھی کاغذوں تک ہی محدود رہی ہے ۔غور طلب ہے کہ چسانہ کے اکثر دیہات میں جہاں بجلی کا نظام ہی خستہ حالی کا شکار ہے وہائیں لوگوں کو رمضان کے دوران بھی معیاری بجلی کی سپلائی فراہم نہیں کی گئی جس کی وجہ سے ان کی دقتیں مزید بڑھ گئی ہیں ۔مقامی سرپنچ نے محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ صارفین کو جان بوجھ کر ہراساں کیاجارہا ہے۔پنچایتی اراکین و صارفین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ چسانہ کے دیہاتوں میں بجلی کی سپلائی کو معیاری بنایا جائے ۔
چسانہ میں بجلی کٹوتی سے عام لوگ پریشان
