ڈورو //چرٹ قاضی گنڈ میں دماغی طور پر کمزور ایک نوجوان کو فورسز نے پیلٹ نے شدید زخمی کردیا جس کے فوراً بعد کئی علاقوں میں مظاہرے ہوئے اور ہڑتال کی گئی۔مقامی لوگوں کے مطابق 19سالہ ذیشان احمد ولد پرویز احمد شاہ ساکن چرٹ اپنی بھیڑ بکریاں چرا رہا تھا جس کے دوران قاضی گنڈ سے کولگام جارہی سی آر پی ایف کی گاڑیوں میں سوار اہلکاروں نے بلا جواز طور پر مذکورہ نوجوان پر پیلٹ فائر کئے جس کے باعث اسکے جسم اور بازو میں پیلٹ لگے اور وہ شدید زخمی ہوا۔لوگوں کا کہنا ہے کہ ذیشان دماغی طور پر کمزور ہے۔اس واقعہ کی خبر ملتے ہی چرٹ، دیوسر اور قاضی گنڈ میں احتجاج کیا گیا اور آنا فاناً ہڑتال کی گئی۔مذکورہ نوجوان کو فوری طور پر ایمر جنسی اسپتال قاضی گنڈ میں داخل کیا گیا جہاں لوگوں نے ایک بار پھر مظاہرے کئے اور کئی لوگوں نے گاڑیوں پر پتھرائو بھی کیا جس کے نتیجے میں ٹریفک کی نقل و حرکت روک دی گی۔بعد میں ذیشان کو اننت ناگ ضلع اسپتال منتقل کردیا گیا۔