ٹوکیو// جاپان میں قیامت خیز گرمی کی لہر نے لوگوں کی زندگیاں اجیرن بنا دیں، ایک ہفتے کے دوران 65 افراد ہلاک ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق جاپان میں ان دنوں گرمی کی غیر معمولی لہر نے عوام کی زندگیاں مشکلات میں ڈال دیں، ایک ہفتے کے دوران 65 ہلاکتیں ہوچکیں جبکہ ہزاروں کی تعداد میں افراد اسپتال میں زیر علاج ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپانی حکام نے اس ریکارڈ گرمی کو ’قدرتی آفت‘ قرار دیا ہے، جب کہ مجموعی طور پر ساڑھے بائیسں ہزار سے زائد افراد کو مختلف اسپتالوں میں داخل کرنا پڑا ہے۔جاپان کے فائر اینڈ ڈیزاسٹر مینیجمنٹ ادارے کے مطابق سن 2008 کے بعد سے ایک ہفتے میں جاپان کو اس انداز سے گرمی کی لہر اور اس کے نتیجے میں جانی نقصان کا اس طرح کبھی سامنا نہیں کرنا پڑا تھا۔ادارے کا کہنا ہے کہ جولائی کے آغاز سے اب تک گرمی کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 80 ہو چکی ہے، لوگوں کو بھرپور انداز میں ریسکیو کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔