محمد تسکین
بانہال//سٹیٹ ہیلتھ ایجنسی کی طرف سے مختلف قسم کی جراحیوں کو آیوشمان بھارت سکیم سے باہر کرنے کے بعد پرائیویٹ ہسپتال والے احتجاج پر ہیں اور اس صورتحال سے جموں و کشمیر میں سینکڑوں کی تعداد میں مریض پریشانی کا شکار ہیں ۔بانہال میں قائم پرائیویٹ ہسپتال کھانڈے ہسپتال وادی چناب کا واحد پرائیویٹ ہسپتال ہے جو آیوشمان بھارت سکیم کے تحت مفت علاج کرنے کی فہرست میں شامل ہے اور یہاں ضلع رام بن اور ضلع ڈوڈہ کے علاقوں سے سینکڑوں مریضوں نے پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا سے فائیدہ اٹھاتے ہوئے مفت علاج کروایا ہے ۔ پچھلے دنوں سٹیٹ ہیلتھ ایجنسی کی طرف سے گال بلیڈر، ہرنیا ، بواسیر اور فیشولہ کی چار سرجریوں کو اس سکیم سے باہر کرنے کے حکم سے سینکڑوں ایسے غریب اور مجبور مریضوں اثر انداز ہوئے ہیں جن کو آپریشن کرانے ہیں ۔آیوشمان بھارت سکیم کی فہرست میں شامل پرائیویٹ ہسپتالوں بشمول کھانڈے ہسپتال بانہال نے سرکار کی طرف بقایا رقومات کی واگذاری میں تاخیر اور فہرست سے باہر کئے گئے چار قسم کے آپریشنوں کو ختم کرنے کے معاملے کو لیکر آیوشمان بھارت سکیم کے تحت تمام طرح کے آپریشن بند کر دیئے ہیں جس کی وجہ سے سینکڑوں غریب مریضوں کے گولڈن کارڈ پر ہونے والے تمام طرح کے آپریشن فی الحال بند کر دیئے گئے ہیں۔بانہال میں کھانڈے ہسپتال میں کاستی گڑھ ڈوڈہ ، دوتھن رام بن ، نیل اور رام بن سے پہنچے کئی افراد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا وہ گال بلیڈر ، بواسیر اور گردے کے آپریشن کے سلسلے میں کھانڈے ہسپتال بانہال آئے تھے لیکن یہاں آکر پتہ چلا کہ چار قسم کے آپریشنوں کو سرکار نے بند کر دیا ہے اور ہسپتال والوں نے بھی احتجاجاً آیوشمان بھارت سکیم کے تحت دیگر جراحیوں کو بھی بند کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی طرف سے شروع کی گئی صحت سکیم سے ہزاروں لوگوں کو ابتک راحت ملی ہے اور اس مفت علاج و معالجہ کو بند کرنے سے لوگوں میں مایوسی ہے ۔ انہوں نے کہا کہا کہ مریضوں کی بھاری تعداد آپریشن نہ ہونے کی وجہ سے ہسپتال سے خالی ہاتھ واپس لوٹ رہے ہیں اور اس صورتحال نے غریب لوگوں کو پریشان کر دیا ہے ۔ انہوں نے سرکار سے مطالبہ کیاکہ آیوشمان بھارت سکیم کے تحت تمام طرح کی سہولیات کو جاری رکھا جائے تاکہ غریب مریضوں کو لا علاج ہوکر اپنی زندگی سے ہاتھ نہ دھونے پڑیں ۔