جموں//ریاست جموں وکشمیرمیں جلد سے جلد اسمبلی انتخابات کرانے پرزوردیتے ہوئے گورنر ستیہ پال ملک نے کہا کہ محبوبہ مفتی کی قیادت والی پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کے سواسبھی سیاسی جماعتیںفوری چنائو چاہتی ہیں تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ ریاست میں چنائو اور ان کا شیڈول طے کرنے کااختیار الیکشن کمیشن آف انڈیا کوہے۔گورنر نے کہا کہ حکومت نے سبھی سیاسی جماعتوں اور حفاظتی اداروں سے آراء طلب کی ہے۔ہم نے سب کے ساتھ بات کی،حکومت اس کافیصلہ نہیں کرسکتی ،یہ الیکشن کمیشن (چنائو شیڈول کافیصلہ)کے اختیار میں ہے۔ گورنر نے ان خیالات کااظہارایک سوال کے جواب میں کیا کہ کیا ریاست میں حفاظتی وجوہ کی بناء پر ایک ساتھ پارلیمانی اور اسمبلی انتخابات کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ (ریاستی اسمبلی کے انتخابات کی تاریخوں پر) سبھی سیاسی جماعتوں کی آراء میں اختلاف ہے۔کچھ چنائو کو دوماہ کیلئے موخر کرانا چاہتے ہیں اور کچھ انہیں چار ماہ بعد منعقد کرانے کی رائے دیتے ہیں ،جبکہ کچھ ایسے بھی ہیں جو یہ چنائو فوری طور جتنی جلد ممکن ہو ،منعقد کرانا چاہتے ہیں۔ ملک نے کہا کہ بھاجپااسمبلی چنائو پارلیمانی انتخابات کے ساتھ ساتھ کراناچاہتی ہے ،نیشنل کانفرنس چاہتی ہے کہ یہ چنائوجتنی جلد ممکن ہو اتنی جلدی منعقد کرائیں جائے تاہم پی ڈی پی ان (اسمبلی)انتخابات کوموخرکراناچاہتی ہے۔گورنر نے کہا کہ آخر کار اس کافیصلہ چنائو کمیشن کرے گاکہ کب ریاستی اسمبلی کے انتخابات منعقد کرائیں جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں فوری طور ان انتخابات کو منعقد کرانا چاہتا ہوں تاکہ میں اس سے باہر آوں۔ بھاجپا کی ہی طرح پردیش کانگریس صدرغلام احمد میر بھی پارلیمانی انتخابات کے ساتھ ہی ریاستی اسمبلی کیلئے چنائو منعقد کرانے کے حق میں ہیں۔ میرنے کہا کہ ہم دونوں چنائو جلد اور ایک ساتھ چاہتے ہیں۔کانگریس چنائو کیلئے تیار ہے اور ہم کسی طور اسمبلی انتخابات کے انعقاد میں طوالت نہیں چاہتے۔نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمرعبداللہ نے منگل کو کہا اسمبلی چنائو جتنی جلد ممکن ہو منعقد کرائے جانے چاہیے تاکہ ایک منتخب حکومت ریاست کا انتظام سنبھالیں۔ریاست کے گورنر ستیہ پال ملک اسمبلی چنائو بھی میونسپل اور پنچایتی انتخابات کی طرح تشدد سے پاک کرانے کے متمنی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میری دعا ہے کہ اسمبلی اور پارلیمانی چنائو کسی ہلاکت کے بغیر منعقد ہوں اور زیادہ سے زیادہ ووٹر ان میں حصہ لیں۔