سرینگر// ڈاکٹردرابوکے اخراج کوپی ڈی پی کااندرونی معاملہ قراردیتے ہوئے سینئربی جے پی لیڈراویناش رائے کھنہ نے کہا ہے کہ کس کوکابینہ میں رکھنا اورکس کوباہرنکالنا وزیراعلیٰ کا استحقاق ہے۔انہوں نے کہاکہ ا س فیصلے سے مخلوط سرکارکے استحکام پرکوئی اثرنہیں پڑے گا۔بھارتیہ جنتاپارٹی کے قومی نائب صدراورانچارج برائے امورجموں وکشمیراویناش رائے کھنہ نے کہا کہ ڈاکٹردرابوکووزارتی کونسل سے ہٹاناپی ڈی پی کااندرونی معاملہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ پی ڈی پی ،بی جے پی اتحاداورملی جلی سرکارکیلئے کوئی ایشوہی نہیں ہے کیونکہ وزیراعلیٰ کویہ استحقا ق ہے کہ وہ کس کوکابینہ میں شامل کرتی ہیں اورکس کوباہرنکال دیتی ہیں ۔اویناش رائے کھنہ کاکہناتھاکہ دونوں جماعتوں کی مخلوط سرکارریاست میں قیام امن کیلئے کوشاں ہے ۔انہوں نے واضح کیاکہ حسیب درابوکوکابینہ سے نکالے جانے کے بعدسرکارکے کام کاج میں کوئی فرق نہیں آئیگابلکہ یہ سرکاراپناکام معمول کے مطابق کرتی رہے گی ۔