عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے لیڈر اور ایم ایل اے پلوامہ، وحید الرحمان پرہ نے جمعرات کو راجوری کے بڈھال علاقے کا دورہ کیا، جہاں گزشتہ چالیس دنوں کے دوران پراسرار حالات میں 15افراد، جن میں زیادہ تر بچے شامل تھے، اپنی جان گنوا بیٹھے۔ پرہ نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور ان کے غم میں شریک ہو کر ہمدردی کا اظہار کیا۔وحیدہ پرہ کے ہمراہ پارٹی کے دیگر رہنما گفتار چودھری، سید ماجد شاہ، پارٹی ترجمان اور دیگر اراکین بھی موجود تھے۔ دورے کے دوران موصوف نے نیشنل کانفرنس کو اس سانحے پر خاموشی اور عدم توجہی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہاکہ نیشنل کانفرنس کے پاس اس علاقے سے کئی منتخب نمائندے ہیں، جن میں ایک ڈپٹی چیف منسٹر اور ایک وزیر شامل ہیں، لیکن انہوں نے اس سانحے پر متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کرنا بھی ضروری نہیں سمجھا۔ یہ ان کی عوامی ذمہ داریوں میں ناکامی ہے۔پرہ نے کہاکہ یہ ایک انتہائی افسوسناک واقعہ ہے جہاں 15سے زیادہ قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ پی ڈی پی متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے ۔بڈھال کا علاقہ دور دراز ہے، لیکن حکومت کی خاموشی اور غیر ذمہ داری ناقابل قبول ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ ’پوری بستی خوف اور بے چینی کا شکار ہے۔ بیماری کے ذرائع اور پھیلاؤ کے بارے میں غیر یقینی صورتحال نے حالات کو مزید خراب کر دیا ہے۔ متاثرہ خاندان شفافیت، مدد اور معاوضے کے مستحق ہیں۔