کشتواڑ//اندروال کے لوگوں کو درپیش مشکلات کا جائزہ لینے کے مقصد سے پی ڈی پی ضلع صدر کشتواڑ شیخ ناصر نے علاقہ کے مختلف دیہات کا دورہ کیا اور لوگوں کے ساتھ اجتماعی اور انفرادی ملاقاتیں کر کے اُنہیں درپیش مسائل اور مشکلات کے بارے میں تفصیلی جانکاری حاصل کی۔یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اس دوران شیخ ناصر نے ملچھتر اور زبکل میں عوامی میٹنگیں منعقد کر کے لوگوں کی شکایات اور مطالبات کو بغور سُنااور اُنہیں یقین دلایا کہ وہ اُن کے مطالبات کو متعلقہ حکام کے سامنے رکھ کر اُنہیں پورا کروانے کی بھر پور کوشش کریں گے۔پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اس دوران بہت سارے پارٹی کارکنان نے شیخ ناصر کے سامنے اپنے اپنے مسائل کو اُجاگر کرتے ہوئے اُن کے ازالہ کی ضرورت پر زور دیا۔پی ڈی پی ضلع صدر نے علاقہ کی سڑکوں کی خستہ حالی کا ازخود بھی مشاہدہ کیا اور لوگوں نے بھی اُنہیں بتایا کہ علاقہ میں سڑکوں کی حالت انتہائی ابتر ہے اور لوگوں کو ہر وقت یہ ڈر لگا رہتا ہے کہ نہ جانے کب کوئی نا خوشگوار حادثہ پیش آ جائے۔ علاقہ کے ناقص بجلی نظام کی شکایت کرتے ہوئے لوگوں نے پی ڈی پی لیڈر کو بتایا کہ علاقے کا بیشتر حصہ ابھی تک بجلی کی سہولت سے محروم ہے اور جن دیہات میں بجلی کی سہولت موجود ہے وہاں باربار کی غیر اعلانیہ کٹوتی لوگوں کے لئے دردِ سر بنی ہوئی ہے۔شیخ ناصر نے بجلی کی عدمِ دستیابی اور ناقص انتظام کا ذمہ دار مقامی ایم ایل اے کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ سی ڈی ایف کا غلط استعمال کر رہے ہیں اور لوگوں کو اُس کا کوئی فائدہ نہیں مل رہا ہے۔شیخ ناصر نے پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سماج کے کمزور طبقوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا اُن کی ترجیحات میں شامل ہے اور یہ کہ اُنہوں نے اپنی تمام تر توجہ دوردراز اور پسماندہ دیہات کی تعمیر و ترقی پر مرکوز کی ہوئی ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ دیہی علاقہ جات کی تعمیر و ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلہ میں تمام ممکنہ اقدامات اُٹھائے جا رہے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ محبوبہ مفتی کی قیادت والی مخلوط حکومت سڑکوں،صحت،تعلیم،بجلی اور پانی وغیرہ کے نظام کو بہتر بنانے اوربنیادی ڈھانچہ کی تعمیر و ترقی کی وعدہ بند ہے اور روزگارکے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔اُنہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ دیہی علاقہ جات کی طرف خصوصی توجہ کرے اور عوام کے لئے بہتر سہولیات اور خدمات کی فراہمی کو یقینی بنائے۔پی ڈی پی ضلع صدر نے مرحوم محمد یوسف شاہ جو گذشتہ ہفتے انتقال کر گئے تھے،کے گھر بھی گئے اور پسماندگان سے تعزیت کی۔اس دوران بلاک صدر پی ڈی پی سرتھل محمد حنیف شیخ،ضلع سیکریٹری نذیر احمد لون،دونی چند شرما،ماسٹر سوم ناتھ،عبدالرشید بٹ،ذاکر حسین دیو،جعفر حسین گنائی،تنویر احمد،مشتاق احمد اور فردوس احمد بھی شیخ ناصر کے ہمراہ تھے۔