ڈوڈہ//پی ڈی پی کے ضلع صدر شہاب الحق بٹ نے ڈوڈہ کے طرون اور شانگڑو علاقوں کے متعدد دیہات کا دورہ کیا۔اس دوران اُنہوں نے لوگوں سے انفرادی و اجتماعی ملاقاتیں کر کے عوام کو درپیش مسائل اور مشکلات اور علاقائی صورتِ حال سے متعلق جانکاری حاصل کی اور پارٹی کارکنان سے میٹنگیں منعقد کر کے تنظیمی امورات اور سرگرمیوں کا جائزہ لیا ۔یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ دورے کے دوران مختلف عوامی وفود نے پی ڈی پی ضلع صدر سے ملاقات کر کے اُن کے سامنے تعلیم،صحت،سڑک رابطوں،بجلی،پانی،راشن کی تقسیم کاری اورمنریگا اسکیم وغیرہ سے متعلق مختلف مسائل کو اُجاگر کیا اوراُن سے اپیل کی کہ وہ اپنے اثر و رسوخ کا استعمال کر کے ان مسائل کو حل کروانے کی کوشش کریں۔شہاب الحق بٹ نے عوامی وفود کو یقین دلایا کہ وہ اُن کے مسائل کو حکومت اور انتظامیہ کی نوٹس میں لا کر ان کا ازالہ کرنے کروانے کی بھر پور کوشش کریں گے۔پریس ریلیز کے مطابق اس دورے کے دوران شہاب الحق نے عوامی اجتماعات اور پارٹی کارکنان کی میٹنگوںسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محبوبہ مفتی کی قیادت والی ریاستی حکومت ایسے اقدمات اُٹھا رہی ہے جس سے سرکاری اہلکاران اور آفیسران براہِ راست عوام کے سامنے جوابدہ ہوں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت دیہی علاقوں کی ہمہ گیر تعمیر و ترقی اور عوام کو بہتر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہے اور اس سلسلہ میں مختلف قسم کی اسکیمیں عمل میں لائی جارہی ہیں ۔اُنہوں نے سابقہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس مخلوط حکومت پر الزام لگایا کہ اُس نے عوام کی فلاح و بہبود اور ریاست کی تعمیر و ترقی کے لئے کوئی بھی قابلِ ذکر قدم نہیں اُٹھایا اور ریاست میں صرف کورپشن اور اقرباپروری کو فروغ دیا ۔اس حکومت نے ترقی اور خوشحالی کی بجائے ریاست کو پسماندگی کی طرف دھکیل دیا اور خزانہ عامرہ کو دو دو ہاتھ لوٹا ۔ اُنہوں نے کہا کہ مرحوم مفتی محمد سعید نے عوام کو اعتماد دیا اور ریاست کے وسیع ترمفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت سازی کی۔ اُن کی بے وقت موت سے ریاست کو ایک بہت بڑا دھچکا ضرور لگا ،مگرمحترمہ محبوبہ مفتی نے اُن کی کمی کو بہت حد تک پورا کرنے کی کوشش کی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ریاست میں جو حالات پیدا کئے گئے تھے محترمہ محبوبہ مفتی نے ریاست کو اُن حالات سے باہر نکال کر صحیح ڈگر پر لانے کی بھر پور کوشش کی اور اس میں وہ کامیاب بھی ہوئی ہیں اور آج ریاست کے حالات تیزی سے بہتر ہو رہے ہیں۔ اُنہوں نے مشکل حالات میں ایسے اقدامات اُٹھائے ہیں جس سے عوام کا اعتماد بڑھ گیا ہے اور ریاست ترقی کی نئی منازل کی طرف گامزن ہوئی ہے ۔ پی ڈی پی لیڈر نے کہا کہ ضلع ڈوڈہ کی ہمہ گیر ترقی ریاستی حکومت اور خوداُن کی ترجیحات میں شامل ہے اور اُن کی یہ کوشش ہے کہ ضلع ڈوڈہ ہی نہیں بلکہ پورے چناب خطہ میں لوگوں کو بہتر سہولیات فراہم ہوں اور جو توقعات اُنہوں نے پی ڈی پی قیادت والی ریاستی حکومت سے وابسطہ کر رکھی ہیں وہ زمینی سطح پر نظر آئیں۔ اُنہوں نے پارٹی کارکنان پر زور دیاکہ وہ ریاستی حکومت کی فلاحی اسکیموں سے عوام کو روشناس کرائیں تاکہ وہ ان اسکیموں سے فیض یاب ہو سکیں ۔ اس دورے کے دوران سجاد حسین کھوکھر، حسام الدین ، عادل شاہ، عبدالغنی رشو، پھلیل سنگھ رانا، طارق حسین زرگر، سوامی راج اور وکی رانا بھی پی ڈی پی ضلع صدر کے ہمراہ تھے اور اُنہوں نے بھی عوامی اجتماعات سے خطاب کیا۔