جموں//نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ریاست میں اس وقت دو مفاد پرست اور موقعہ پر ست سیاسی جماعتیں برسراقتدار ہیںجس کی وجہ سے جموں وکشمیر کی سالمیت، انفرادیت اور یکجہتی کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ جب سے ان دونوں جماعتوں نے ریاست کی باگ ڈور سنبھالی ہے تب سے یہاں سیاسی، سیکورٹی اور انتظامی بحران برپا ہونے کے ساتھ ساتھ جمہوری قدروں کی پامالی بھی روز کا معمول بن کر رہ گیا ہے۔ نوائے صبح کمپلیکس میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے معاون جنرل سکریٹری نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام کو یکسر نظر انداز کر رکھا ہے ، اگر خوانخواستہ کوئی کام ہوتا بھی ہے تو اس کے پیچھے سیاسی مقاصد کارفرما ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ابھی موسم سرما آیا بھی نہیں اور بجلی کی سپلائی پوزیشن چلہ کلان سے بھی بدتر ہے۔ بجلی اور پانی کی قلت سے لوگ پریشانِ حال ہیں جبکہ حکمران اقتدار کے مزے لوٹنے میں محو ہیں اور عوام کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ کشمیری کوٹھداروں کو پنجاب کے مادھپور میں ہراسانی اور غیر قانونی طور پر تاوان وصولنے کا سلسلہ مہینوں سے جاری لیکن ریاستی حکومت اس معاملے کو حل کرنے کی طرف ابھی تک کوئی سنجیدہ اقدام اٹھانے سے قاصر ہے۔ ڈاکٹر کمال نے کہا کہ نیشنل کانفرنس لوگوں کی آواز بن کر ہمیشہ عوامی مسائل اور مشکلات اجاگر کرنے کیلئے اپنا رول نبھاتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے اقتدار میں رہ کر اور اقتدار سے باہر بھی لوگوں کی بے لوث خدمت کی ہے اور ہمیشہ سے ہی ریاست کی جمہوریت کو مضبوط سے مضبوط تر کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے اور تاریخی فیصلے لئے۔ انہوں نے کہا کہ 1947میں ریاست کی باگ ڈور سنبھالنے کے ساتھ نیشنل کانفرنس نے جموں وکشمیر میں جمہوریت کا ڈھانچہ قائم کیا اور اداروں کے قیام کا کام شروع کیا اور محدود وسائل کے باجوود 40لاکھ کی ستم زدہ آبادی کو بنیادی ضروریات فراہم کرنے کیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس آج تک لوگوں کی خدمت اُسی جذبے کے ساتھ کررہی ہے اور ہمیشہ اپنے فرائض خوش اسلوبی کیساتھ انجام دیئے۔ ڈاکٹر کمال نے کہا کہ پی ڈی پی اور بھاجپا صرف زبانی جمع خرچ بڑے بڑے دعوے کررہے ہیں جبکہ ریاست کی تعمیر و ترقی اور جمہوریت کی مضبوطی میں ان دونوں جماعتوں کا کوئی رول نہیں۔ انہوں نے عوام کو خبردار کیا کہ وہ پی ڈی پی اور بھاجپا کی ریاست دشمن پالیسیوں کو سمجھ کر ان دونوں جماعتوں کیخلاف صف آراء ہوجائیں اور دشمنوں کی تمام چالوں اور سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے ہمیشہ تیار رہیں۔