کپوارہ//شوپیاں کے بٹہ مرن علاقہ میں فورسز کی طرف سے طاقت کے بے تحاشہ استعمال کے نتیجہ میں 24سالہ روبی جان زوجہ منظور احمد کی ہلاکت اور کئی شہریوں کے زخمی ہونے پر رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے اے آئی پی سربراہ اور ایم ایل اے لنگیٹ انجینئر رشید نے کہا ہے کہ جہاں ہر واقعہ کے بعد یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ سیکورٹی فورسز کو کشمیریوں کو زیر کرنے کیلئے کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے وہاں کشمیریوں کے خون کی اتنی سستی قیمت لگانے کیلئے مین اسٹریم سیاستدان برابر کے ذمہ دار ہیں ۔ اپنے ایک بیان میں انجینئر رشید نے کہا ’’ایک طرف مزاحمتی قیادت کی نقل و حرکت پر پوری طرح پابندی لگا دی گئی ہے اور دوسری طرف خود کو عوامی نمائندہ کہلانے والی مین اسٹریم جماعت صرف روایتی بیانات داغ کر ایسا طرز عمل اختیار کئے ہوئے ہیں جس سے بے لگام وردی پوشوں کو کشمیریوں کا قتل عام کرنے کی نہ صرف چھوٹ ملتی ہے بلکہ عالمی برادری کو گمراہ کرنے کا راستہ بھی نکل آتا ہے ۔ جب تک نہ مین اسٹریم پارٹیا ں خاص طور سے این سی اور پی ڈی پی انسانی حقوق کی پامالیوں کو روکنے کیلئے صدق دلی سے متحد ہو جائیں گی تب تک زمینی صورتحال جوں کی توں رہے گی۔ ریاست کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت نیشنل کانفرنس کی طرف سے کبھی کبھار انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف احتجاج کو اگر لوگ مذاق اور ڈرامہ بازی کہتے ہیں تو اس کی سب سے بڑی وجہ یہی ہے کہ محبوبہ مفتی اور ان کے حامی بھی تب یہی ڈرامہ بازی کرتے تھے جب عمر عبداللہ کی سرکار کے ہاتھوں کشمیریوں کو گاجر مولیوں کی طرح کاٹا جاتا ہے ۔ اگر واقعی این سی اور پی ڈی پی کشمیریوں کے انسانی حقوق کا ذرہ بھر بھی احترام رکھتے ہیں تو انہیں چاہے کہ وہ ذاتی انا چھوڑ کر متحد ہو جائیں ۔ اگر ان دونوں علاقائی جماعتوں کو بی جے پی اور کانگریس کے ساتھ وقتاً فوقتاً ہاتھ ملانے میں کوئی اعتراض نہیں اور یہ دونوں جماعتیں ہندوستانی آئین کے اندر کشمیر مسئلہ کے حل میں یقین رکھتی ہیں تو پھر انہیں باہم تعاون کرنے میں کونسے غیبی ہاتھ روکتے ہیں ۔ ایک بار یہ جماعتیں کسی متفقہ ایجنڈے پر متفق ہو جائیں تو باقی ان کی چھوٹی چھوٹی ہم خیال جماعتیں انہیں تعاون دیں گی جس سے کم از کم کچھ بنیادی مدوں کو لیکر نئی دلی پر دبائو بڑھ جائے گا ‘‘۔انجینئر رشید نے کہا جب تک این سی اور پی ڈی پی ایسا نہیں کریں گی تب تک کشمیریوں کا خون پانی سے بھی سستا بکے گا اور سیکورٹی فورسز اپنی حد انسانیت سوز کاروائی کو جواز بخشنے کیلئے کوئی بھی حربہ استعمال کریں گی۔