زاہد بشیر
گول// رام بن کی سب ڈویژن گول کے سنگلدان پی ایچ سی کے احاطے میں لوگوں نے جمعرات کو زور دار احتجاجی مظاہرہ کیا اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ عوام کو طبی سہولیات جلد از جلدفراہم کی جائیں، تا کہ لوگوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ احتجاجی مظاہرین بی ایم او گول ، سی ایم او رام بن مردہ باد کے نعرے لگارہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سات ماہ سے یہاں کی ایمبو لینس کو ٹھیک کرنے کیلئے جموں کے ایک گیراج میں رکھا گیا ہے لیکن تب سے آج تک اس کو یہا ں نہیں لایا۔ لوگوں کو مہنگے داموں نجی گاڑیوں کو بندو بست کرنا پڑتا ہے اور اگر کوئی اچانک بیمار کو لے کر ہسپتال آتا ہے تو انہیں یہاں ہر قسم کی پریشانی سے گزرنا پڑتا ہے ۔ مظاہرین نے کہا کہ یہاں پر عملے کی بھی شدیدقلت پائی جا رہی ہے اگر چہ یہاں پر ایک مقامی ڈاکٹر بھی تعینات ہے لیکن وہ ڈیوٹی دینے سے قاصر ہے جبکہ باہر کے دو ڈاکٹر ڈیوٹی دیتے ہیں اور ساتھ ساتھ ایک خاتون ڈاکٹر کی بھی یہاں پر اشد ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر چہ یہاں کی مقامی ڈی ڈی سی چیئر پرسن رام بن بھی ہے لیکن اس کے با وجود انہیں اس چیز کی فکر نہیں رہتی کہ گھر کے ساتھ میں ہسپتال میں عوام کس قسم کی پریشانیوں سے دوچار ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ عملہ کی کمی کے ساتھ ساتھ ادویات و دوسری چیزوں کی کمی سے بھی لوگ یہا ں پر کافی پریشان ہیں ۔