محمد تسکین
چندرکوٹ // جموں سرینگر قومی شاہراہ پر پیڑا اور چندر کوٹ کو جوڑنے والی کنفر ٹنل کی تعمیر کا کام آخری مراحل سے گز رہا ہے اور حکام کو امید ہے کہ آئندہ چند روز میں ایک ٹیوب ٹریفک کیلئے کھول دیا جائیگا۔ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کنفر ٹنل کی ایک سرنگ کو مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نیتن گڈکری کے ہاتھوں افتتاح کی امید ہے۔ اور اس کیلئے 11 اپریل کی تاریخ متوقع ہے۔جموں سرینگر شاہراہ پر پیڑاہ اور چندر کوٹ کے درمیان 924 میٹر لمبی ٹنل کی مدد سے تقریباً تین کلومیٹر کے لینڈ سلائیڈنگ اور حادثے کیلئے خطرناک حصے کو بائی پاس کیا جائیگا اور لوگوں کا سفر مزید آسان ہوگا۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کی طرف سے یہ کام گیمن انڈیا لمیٹیڈ کو 2017 میں الاٹ کیا گیا تھا اور اس کی تعمیر کچھ مسائل کی وجہ سے ایک سال کی تاخیر کے ساتھ شروع کی گئی تھی ۔
ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت الاسلام جو ریلوے اور فورلین شاہراہ پروجیکٹ کی از خود نگرانی کر رہے ہیں ، نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ کنفر ٹنل کی پہلی ٹیوب تقریباً مکمل ہو چکی ہے اور ہم توقع کر رہے ہیں کہ اسے اگلے ہفتے ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے کئی روز سے بارشوں کی وجہ سے فورلین پروجیکٹ کے کئی کاموں میں رکاوٹ پیش آئی ہے تاہم مجموعی طور پر فورلین پروجیکٹ کے کئی سنگ میل حاصل کئے گئے اور مزید کا ہدف جلد ہی حاصل کیا جائیگا۔مسرت الاسلام نے کہا کہ ٹنل نمبر ایک T1 پر صرف میٹر پیومنٹ کوالٹی کنکریٹ (PQC) بچھانے اور اپروچ روڈ کی تعمیر کا کچھ کام تھا جو اب آخری مرحلے میں ہے اور اگلے ہفتے ایک سرنگ کو ٹریفک کیلئے قابل امدورفت بنانے کی امید ہے۔ٹنل تعمیر کرنے والی کمپنی کے ڈپٹی جنرل منیجر سلیم خان نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کنفر ٹنل کی پہلی ٹیوب (T1) تقریباً تیار ہے اور اسے آئندہ ہفتے ٹریفک کی بحالی کیلئے نیشنل ہائے وے آتھارٹی آف انڈیا کے حوالے کئے جانے کی امید ہے۔ ٹنل کی دوسری ٹیوب (T2) کے بارے میں سلیم خان نے بتایا کہ کنفر اور چندر کوٹ کو جوڑنے والی دوسری ٹیوب T2 آئندہ دو ماہ میں تیار ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹنل کے اندر اور باہر کا کام چوبیسوں گھنٹے جاری ہے اور اس پروجیکٹ کو جلد از جلد مکمل کرنے کیلئے کمپنی اور ہائی وے اتھارٹی ہر ممکن کوشش میں لگی ہے۔