سرینگر//پیپلز ڈیموکریٹک مومنٹ کی چیرپرسن تنویر فاطمہ اور ساتھیوں نے سانحہ گائو کدل کی 28ویں برسی پر پریس کالونی میںایک پر امن احتجاج کیا۔ احتجاجیوں نے ہاتھوں میں بینر اٹھا رکھے تھے جن پر ’گائو کدل کے قاتل ابھی بھی آزاد‘، ـ’انصاف میں دیری ، انصاف سے انکار‘ کے نعرے درج تھے۔ اس موقعہ پر تنظیم کی چیئرپرسن تنویر فاطمہ نے کہاکہ جنوری کے مہینے میں فورسز نے کشمیریوں کے خون کے ساتھ ہولی کھیلی ہے۔ انہوں نے کہاکہ 21جنوری 1990میں گائو کدل قتل عام اور 25جنوری کو ہندوارہ سانحہ پیش آیا۔ انہوں نے کہاکہ 1947سے لیکرآج تک کشمیر میں قتل عام کا سلسلہ جاری ہے جس میں اب تک 6لاکھ سے زائد کشمیری مارے گئے ۔انہوں نے کہاکہ گائو کدل سانحہ میں 53شہریوں کا گرم گرم لہو بہایا گیا اور افسوس اس امر کا ہے کہ آج تک ملوثین کو کیفرکردار تک نہیں پہنچایاگیا۔ انہوں نے کہاکہ بھارت میں ایک جلیاں والا باغ قتل عام کا واقعہ پیش آیا لیکن کشمیر میں 1947 سے اور خصوصاً 1989 سے سینکڑوں جلیاوال باغ سے بدتر سانحات پیش آئے۔ تنویر فاطمہ نے بین الاقوامی برادری اور عالمی انسانی حقوق کے اداروں پر زوردیا کہ وہ انسانی حقوق کی پامالیوں کو روکنے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے اور پیش آئے سانحات کے مرتکبین کو سزا دیں۔