فیاض بخاری
بارہمولہ //ضلع بارہمولہ کے نور محلہ جل شیری علاقے کی خواتین نے بدھ کو ڈپٹی کمشنر بارہمولہ دفتر کے باہر احتجاجی دھرنا دیا۔ ہاتھوں میں مٹکے لیکر خواتین کا کہنا تھا کہ ان کا علاقہ گزشتہ کئی ماہ سے پینے کے صاف پانی سے محروم ہے جس کے نتیجے میں انہیں سخت مشکلات درپیش ہیں۔ احتجاجی خواتین نے جل شکتی محکمہ کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ محکمہ علاقے میں پائپ لائن لگانے میں ناکام رہا ہے جس کے نتیجے میں گزشتہ کئی سالوں سے وہ پینے کے پانی سے محروم ہیں۔ انہوںنے کہا کہ اگر چہ لوگوں نے کئی بار متعلقہ محکمہ کو اس سلسلے میں مطلع کیا تھا تاہم نہ پائپ لائن ٹھیک کی گئی اور نہ ہی پینے کے پانی کی فراہمی کا متبادل انتظام کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماراعلاقہ آلودہ پانی پینے پر مجبور ہے اور اس سے ہماری صحت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔انتظامیہ سے اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے پر زور دیتے ہوئے مشتعل مظاہرین نے کہا کہ علاقے میں صاف پانی کی کمی ایک بڑا مسئلہ ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اگر ہمارا مسئلہ حل نہیں ہوتا ہے تو ہم اپنا احتجاج جاری رکھیں گے،‘‘ انہوں نے ڈی سی بارہمولہ سے اپیل کی کہ وہ اس مسئلے کو حل کرے تاکہ ماہ رمضان میں مشکلات سے نجات مل سکے۔