جموں // عوام کو پینتھرز پارٹی مستحکم بنانے اورا سکی معاونت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے جے کے این پی پی کے چیئر مین ہرش دیو سنگھ نے کہا ہے کہ وقت آیا ہے کہ جموں کا عوام جموں کے مفاد کے لئے جد و جہد کرنے والوں کی پہچان لے اور انکی خدمات کا اعتراف کریں۔ان باتوں کا اظہار انہوں نے رام نگر حلقہ میں سونیتر، بیری اور گوندیاںدیہات میں متعدد عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ہمیں ان کے درمیان فرق کرنے کی ضرورت ہے جو حقیقی طور سے ڈوگروں کے مفاد کے لئے لڑتے ہیں اور جو فقط الفاظ ہی استعمال کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ روایتی پارٹیاں ہمیشہ سے ہی اقتدار کی سیاست میں مبتلا رہی ہیںاور لوگوں کے ساتھ ووٹ کیلئے جھوٹ بولتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی پارٹیاںموقعہ پرستی کا مظاہرہ کرتی رہی ہیں۔لیکن عوام نے ان موقعہ پرست سیاسی پارٹیوں کوبے نقاب کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نہ تو کشمیر پر مرکوز سیاسی پارٹیاں اور نہ ہی قومی پارٹیاں جموں کے عوام کی خواہشات کو پورا کر سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک علاقائی پارٹی ہی لوگوں کے خواہشات کو پورا کر سکتی ہے۔بی جے پی پر ڈوگروں کے جذبات کا استحصال کرنے کا الزام لگاتے ہوئے ہرش دیو سنگھ نے کہا کہ جے کے این پی پی جموں خطہ کو ایک متبا دل فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔اجتماعات سے پارٹی کی جنرل سیکرٹری منجو سنگھ نے بھی خطاب کیا ۔