ارشاداحمد
گاندربل//سینٹرل یونیورسٹی کشمیر میں طلبہ کی بہبودکے شعبے اور شعبہ اردو کے باہمی اشتراک سے منگل کو یونیورسٹی کے گرین کیمپس میں ایک نعت مقابلہ کا اہتمام کیا گیا۔وائس چانسلرپروفیسر فاروق احمد شاہ،رجسٹرار پروفیسر ایم افضل زرگر، فنانس آفیسرپروفیسر فیاض احمد نیکہ، کاروانِ اسلامی کے چیئرمین علامہ غلام رسول حامی، مشہور نعت خوان غلام حسن غمگین، ، پروفیسر جوہر قدوسی،شعبہ طلبا بہبود سربراہ ڈاکٹر معراج الدین شاہ، فیکلٹی ممبران، سینئر عہدیداران اور طلبا موجود تھے۔شرکا ء طلبا نے خوبصورت نعتیں پڑھ کر پیارے نبی حضرت محمدؐ سے اپنی والہانہ محبت اور عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے حاضرین کے دلوں اور روحوں کو مسحور کر دیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر فاروق احمد شاہ نے شرکا ء سے کہا کہ وہ دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے حضور نبی اکرمؐ کی تعلیمات اور اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہوں۔ پروفیسر فاروق شاہ نے کہا کہ یونیورسٹی ایسے مقابلوں کا انعقاد کر کے طلبا کو اپنی چھپی ہوئی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے نعت خوانی کے مختلف پہلوں پر بھی بات کی۔ رجسٹرارپروفیسر ایم افضل زرگر نے پروگرام کے انعقاد پر ڈی ایس ڈبلیو اور شعبہ اردو کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ نعت کے مقابلوں کا انعقاد یونیورسٹی کا معمول رہا ہے، خاص طور پر رمضان کے مقدس مہینے میں۔ انہوں نے نعت کے مقابلے میں گہری دلچسپی ظاہر کرنے پر طلبا کی تعریف کی۔فنانس آفیسر، پروفیسر فیاض اے نیکہ نے کہا کہ شرکا نے نعتیں پڑھ کر اپنی سریلی آوازوں سے سامعین کو تر وتازہ کر دیا۔ انہوں نے کشمیری شاعروں اور ادیبوں کے تعاون پر روشنی ڈالی۔ کاروان اسلامی کے چیئرمین علامہ غلام رسول حامی نے نعت کے مقابلے کے انعقاد پر یونیورسٹی کی تعریف کی اور یونیورسٹی کے سینئر عہدیداروں سے کہا کہ وہ ایسے مزید پروگرام منعقد کریں۔ غلام حسن غمگین ،سربراہ شعبہ طلبا بہبود ڈاکٹر معراج الدین شاہ نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور حضور نبی اکرمؐ کی شان میں خوبصورت نعتیں پڑھ کر حاضرین کو مسحور کرنے پر شریک طلبا کو سراہا۔
پیغمبر اسلام ؐکااسوۃ حسنہ دنیاوآخرت کی کامیابی کی کلید:پروفیسرفاروق شاہ
