بھدرواہ//ڈوڈہ کے سپورٹس سٹیڈیم میں منعقدہ پیر پنچال کبڈی لیگ گزشتہ روز اختتام پذیر ہوئی ۔ فوج کی جانب سے اوپریشن سد بھاونہ کے تحت منعقد ہ اس ٹورنامنٹ کا افتتاح4اکتوبر کو کیا گیا تھا،جس میں ڈوڈہ، کشتواڑ، رام بن، راجوری ، پونچھ اور ریاسی اضلاع کی ٹیموںنے حصہ لیا جن کے درمیان ہونے والے میچوں کو دیکھنے کے لئے سینکڑوں کی تعداد میں ناظرین موجود رہے ۔ فائنل میچ ڈوڈہ اور راجوری کی ٹیموں کے درمیان ہوا جس میں ڈوڈہ کی ٹیم فاتح رہی اور پیر پنچال لیگ کی چمپئن قرار پائی۔اس ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والے کھلاڑی 20سال سے کم عمر کے تھے جب کہ ان کا وزن زیادہ سے زیادہ 65کلو گرام ہی ہو سکتا تھا۔ اختتامی تقریب میں برگیڈئر نوٹیال مہمان خصوصی تھے جب کہ متعدد سول ، پولیس اور فوجی افسران کے علاوہ بھاری تعداد میں معززین نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ما بعد آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا جب کہ محفل موسیقی بعنوان ’ایک محفل ڈوڈہ کے نام‘ بھی سجائی گئی جس میں فنکاروں نے سامعین کو محظوظ کیا۔ ٹورنامنٹ میں پہلے تین مقام حاصل کرنے والی ٹیموں کو بالترتیب50ہزار، 40ہزار اور 20,000روپے کے نقد انعام کے علاوہ ٹرافیاں جب کہ کھلاڑیوں کو انفرادی طور پر میڈل دئیے گئے۔