پیر پنچال وچناب میں معراج العالمؐ کی تقریب سعید منعقد

 پونچھ+کشتواڑ// پیر پنچال اور چناب میں ی شب معراج عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔مساجد اور درگاہوں پر چراغاں کرکے عبادات کا خصوصی اہتمام کیا گیا ۔ شب معراج ہر سال 27 رجب کو حضور اکرمؐ کے اللہ رب العزت سے ملاقات کیلئے خصوصی سفر پر جانے کی مناسبت سے منائی جاتی ہے۔ پونچھ میں اس سلسلہ میں خصوصی محافل اور اجتماعات منعقد کئے گئے۔ جن میں علما ئے کرام اور مقررین واقعہ معراج شریف پر تفصیلی روشنی ڈالیں گے۔ مرکزی جامع مسجد سٹی چوک پونچھ،مرکزی جامع مسجد شریف بگیالاں، مرکزی جامع مسجد شریف الحدیث پونچھ اور امام بارگاہ عالیہ پونچھ میں منعقدہ روح پرور محافل میں علمائے کرام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رب العالمین نے آحضرتؐ کو عظمت ورفعت کی وہ معراج نصیب فرمائی جو روز ازل سے آپ کا ہی مقدر تھی۔ اس موقعہ پر فلسفہ معراج پر روشنی ڈالی گئی جبکہ سفر معراج کو علماء نے مفصل بیان کیا۔اس دوران عالم انسانیت کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔راجوری کے تمام علاقوں سے بھی ایسی تقاریب کے اہتمام کی اطلاعات ہیں۔اس دوران ضلع ترقیاتی کونسل ممبر شازیہ چوہدری نے شب معراج پر مسلمانان عالم خصوصاًجموں کشمیر کے  تمام مسلم بھائیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی اس شب کی بدولت ہم سب کے گناہوں کی مغفرت فرمائے۔ادھر کشتواڑ میں بھی معراج العام کی تقریب سعید عقیدت واحترام سے منائی گئی ۔اس موقعہ پر انتظامیہ نے پورے قصبہ میں حفاظت کے سخت انتظامات کے تھے اور جگہ جگہ پولیس و سی آر پی ایف اہلکاروں کے علاوہ انتظامیہ کے افسران کو بھی تعینات کیا گیاتھا۔شب معراج کے مقدس دن کے موقعہ پر قصبہ کی مساجدوں و خانقاہوں میں رات بھر شب خوانی ، نعت خوانی و تلاوت قران پاک ہوتی رہی اور لوگوں نے مساجد کو چراغوں سے روشن کیا۔ مرکزی جامعہ مسجد میں سب سے بڑی تقریب کا اہتمام ہوا ۔امام جامعہ نے حضرت محمدؐ کی زندگی پر روشنی ڈالی اور لوگوں سے حضورؐ کے بتائے راستوں پر عمل کرنے کو کہا۔متعدد لوگوں نے گھروں میں بھی شب بیداری کی اور وہ رات ذکر و ازکار میں گزاری۔قصبہ و ضلع کی دیگر مساجدوں میں بھی تقریبات کا اہتمام ہوا ۔ڈوڈہ ،رام بن اور ریاسی اضلاع سمیت جموں شہر میں بھی معراج العام کی تقریب سعید انتہائی تزک و احتشام کے ساتھ منائے جانے کی اطلاعات ہیں۔