کیپ ٹاؤن/کیپ ٹاؤن میں جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن 208 رنز کے ہدف کے تعاقب میں دوسری اننگزمیں بھارت کی پوری ٹیم 135رنز پر ڈھیر ہوگئی اور اس طرح بھارت کو پہلے ٹیسٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔انڈین اوپنرز شیکھر دھون اور مرلی وجے نے ٹیم کو 30 رنز کا آغاز دیا لیکن اس کے بعد یکے بعد دیگرے دو اوورز میں کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ شیکھر کو مورکل جبکہ مرلی کو فیلینڈر نے آؤٹ کیا۔انڈیا کی تیسری وکٹ 39 کے مجموعی سکور پر گری جب چیتیشور پجارا چار رنز بنا کر مورکل کی گیند پرآئوٹ ہونے والے دوسریکھلاڑی بنے۔چوتھی وکٹ کے لیے کھیلتے ہوئے کپتان کوہلی اور روہت شرما سکور کو 71 رنز تک لے گئے تاہم اس موقع پر فیلنڈر نے کوہلی کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ کوہلی نے امپائر کے فیصلے کے خلاف ریویو بھی لیا مگر ری پلے میں گیند سیدھی وکٹوں میں جاتی دکھائی دے رہی تھی۔کوہلی کو آؤٹ کرنے کے بعد اگلے اوور میں فیلنڈر نے روہت شرما کوبولڈ کر کے انڈیا کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا۔ یہ فیلنڈر کی اس اننگز میں تیسری وکٹ تھی۔گذشتہ اننگز میں 93 رنز بنا کر انڈین ٹیم کو مشکلات سے نکالنے والے ہردک پانڈیا اس مرتبہ صرف ایک ہی رن بنا سکے اور ربادا کی گیند پر سلپ میں کیچ ہو گئے۔ربادا نے ہی ساہا کو ایل بی ڈبلیو کر کے جنوبی افریقہ کو ساتویں کامیابی دلوائی۔اس طرح بھارت کی پوری ٹیم 135رنزپر ڈھیر ہوگئی اور بھارت کو پہلے ٹیسٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔