اسلام آباد//وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے مہمند ڈیم کے سنگ بنیاد کی تاریخ تبدیل کرنے پر چیف جسٹس سے معافی مانگ لی۔سپریم کورٹ میں نئی گج ڈیم کی تعمیر سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس نے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا سے گلہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے مہمند ڈیم کے سنگ بنیاد کی تاریخ تبدیل کردی، اتنا بھی نہیں مناسب سمجھا کہ چیف جسٹس کو بتا دیا جاتا۔فیصل واوڈا نے کہا کہ میں حکومت کی طرف سے آپ سے معافی مانگتا ہوں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ اب اس ڈیم کی سنگ بنیاد کی تقریب میں شامل ہی نہ ہوں۔ اس پر فیصل واوڈا نے کہا کہ نہیں سر آپ کو شامل ہونا پڑے گا، میں اس معاملہ پر آپ سے معذرت کرتا ہوں۔چیف جسٹس نے کہا کہ ہم نے یہ کیس اس وقت اٹھایا شاید جب نااہل لوگ تھے، لیکن اب قابل اور اہل لوگ حکومت میں آگئے ہیں یہ خود کر لیں گے، حکومت نے ڈیم کے سنگ بنیاد کی تاریخ بدلنے کے علاوہ اور کیا کام کیا، فنڈز کے حوالے سے کیا پیش رفت کی؟، صرف اتنا اعلان کردیا کہ 2025 میں پانی نہیں ہوگا، ہم اگر ٹیک اپ نہ کرتے یہ کیس تو رکا ہوا تھا۔جسٹس اعجاز الاحسن نے فیصل واوڈا کو قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی (ایکنک) کا اجلاس یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اگر میٹنگ نہ ہوئی تو اگلی سماعت پر مختصر نوٹس پر بلا لیں گے، فیصل واڈا تازہ خون ہے اور ان سے اچھے کی امید ہے۔ کیس کی مزید سماعت جمعہ تک ملتوی کردی گئی۔