سرینگر/یو این آئی/ محکمہ سیاحت 17 اور 18 فروری کوپہلگام میں دو روزہ ’ونٹر فیسٹول‘ کا انعقاد کررہا ہے جس میں کشمیر کی مجموعی ثقافت کو بالعموم اور کشمیری دیہات کی ثقافت کو بالخصوص اجاگر کیا جائے گا۔ محکمہ سیاحت نے فیسٹول میں سیاحوں کی بھاری تعداد کو یقینی بنانے کے لئے سوشل میڈیا پر ایک منظم مہم کو شروع کیا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق قریب پانچ ہزار ملکی سیاحوں نے پہلگام ونٹر فیسٹول میں شمولیت کے لئے حامی بھرلی ہے۔ فیسٹول کے لئے پہلگام کے مین مارکیٹ کے علاوہ چند نذدیکی دیہات کو برقی قمقموں سے چراغاں کیا جائے گا۔ دو روزہ فیسٹول کے دوران مقامی ثقافت کو اجاگر کرنے کے علاوہ مختلف نوعیت کے ایونٹ جیسے شیڈو آرٹ شو، تانگہ سواری، ولیج واک اور میوزک ایونٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔ ناظم سیاحت کشمیر محمود احمد شاہ نے کہا کہ اس فیسٹول کے انعقاد کا مقصد پہلگام کو کو سرمائی سیاحتی مقام کے طور پر فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا ’پہلگام کو ایک گرمائی سیاحتی مقام کے طور پر فروغ ملا ہے۔ ہم نے اسے ایک سرمائی سیاحتی مقام کے طور پر فروغ دینے کے لئے تین سال قبل یہاں آئس کلائمنگ شروع کی۔ اب ہم ہر سال نئے سال کے موقع پر وہاں آئس کلائمنگ کا انعقاد کرتے ہیں‘۔ شاہ نے کہا کہ فیسٹول کے انعقاد کا مقصد پہلگام کے چھوٹے ہوٹلوں کو پراموٹ اور فائدہ پہنچانا بھی ہے۔ انہوں نے کہا ’کشمیر میں سرینگر کے بعد سب سے زیادہ ہوٹل پہلگام میں ہیں۔ نامساعد حالات کا زیادہ اثر چھوٹے ہوٹلوں پر پڑا ہے۔ بڑے ہوٹل اپنی مارکیٹنگ خود کرتے ہیں۔ ان کی اپنی ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پیج ہوتے ہیں۔ ان چھوٹے ہوٹلوں کو فروغ اور فائدہ پہنچانے کے لئے بھی ہم یہ دو روزہ ونٹر فیسٹول کا انعقاد کررہے ہیں‘۔ ناظم سیاحت نے کہا کہ پہلگام ونٹر فیسٹول کو ایک مختلف انداز میں منعقد کیا جائے گا۔