یو این آئی
سرینگر// پہلگام میں پیش آئے ہولناک دہشت گردانہ حملے کو8 روز گزر جانے کے باوجود سکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن جاری ہے ۔مفرور ملی ٹینٹوں کی تلاش کے لیے پہاڑی علاقوں، گھنے جنگلات اور دشوار گزار دروں میں سکیورٹی فورسز نے اپنی موجودگی کو مزید مستحکم کیا ہے ، جبکہ اضافی اہلکاروں کو بھی علاقے میں تعینات کیا گیا ہے ۔ تلاشی آپریشن میں فوج، سی آر پی ایف اور جموں و کشمیر پولیس کی خصوصی یونٹیں شریک ہیں، جو نہ صرف جنگلی علاقوں کو چھان مار رہی ہیں بلکہ جدید آلات کی مدد سے زیر زمین قدرتی گھپاؤں، پتھریلی چٹانوں کے پیچھے اور ندی نالوں کے اطراف بھی ممکنہ دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کی تلاش میں مصروف ہیں۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق ابتدائی شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ حملہ آور ممکنہ طور پر پہلگام اور اس سے ملحقہ علاقوں میں ہی کہیں روپوش ہیں۔ فورسز کو شبہ ہے کہ دہشت گرد قدرتی گھپاؤں کا استعمال کر رہے ہوں گے ، جس کے پیش نظر ہر چٹان اور درخت کے پیچھے کی جانچ کی جا رہی ہے ۔