عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی //کانگریس پر کئی دہائیوں سے کشمیر میں ملی ٹینسی پر قابو پانے میں ناکام رہنے کا الزام لگاتے ہوئے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بدھ کو کہا کہ 22 اپریل کو پہلگام حملے کے بعد ملی ٹینٹوں اور ان کے ٹھکانوں کو کشمیر اور پاکستان میں کچل دیا گیا جہاں ان کی جڑیں تھیں۔ بہار کے جموئی ضلع میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سنگھ نے کہا، ” ملی ٹینٹ حملے کے بعد شروع کیا گیا آپریشن سندور ختم نہیں ہوا بلکہ صرف روک دیا گیا ہے، اگرملی ٹینٹوں نے مزید حملے کرنے کی کوشش کی تو ہندوستان دوبارہ جوابی کارروائی کرے گا۔”وزیر دفاع نے کہا کہ کانگریس پارٹی کئی دہائیوں تک ملی ٹینٹوں کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام رہی اور انہیں ملک کا خون بہانے دیا۔ انہوں نے کہا، وزیراعظم مودی کے دور میں ملی ٹینٹوں اور ان کے آقائوں کو سبق سکھایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا، جموں و کشمیر میں جو کام کانگریس نہیں کرسکی، وہ پی ایم مودی کی قیادت والی حکومت نے کر دکھایا۔پہلگام حملے کو یاد کرتے ہوئے سنگھ نے کہا، “کچھ درانداز خاموشی سے داخل ہوئے، انہوں نے لوگوں سے ان کے مذہب کے بارے میں سوال کیا اور پھر انہیں مار ڈالا، اس کے بعد کیا ہوا اس کی وضاحت کی ضرورت نہیں ہے، آپریشن سندور میں، ہم نے کشمیر اور پاکستان دونوں میں ملوث اہم ٹھکانوں کو ختم کیا، آپریشن ختم نہیں ہوا، اسے صرف روک دیا گیا ہے، اگر ہم دوبارہ ایسی کارروائی کرنے کی کوشش کریں گے۔”انہوں نے کہا کہ پہلگام حملے کے بعد شروع کیا گیا مشن صرف رکا ہوا ہے اور ضرورت پڑنے پر دوبارہ شروع کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر ہندوستان کی تصویر بدل گئی ہے۔ “ہندوستان کو اب ایک کمزور ملک کے طور پر نہیں دیکھا جاتا ہے، ہندوستان اب ایک طاقتور ملک کے طور پر جانا جاتا ہے۔ بین الاقوامی میدان میں ہماری ساکھ بڑھی ہے،” ۔وزیر دفاع نے کہا کہ بھارت کبھی بھی محاذ آرائی شروع نہیں کرتا لیکن اشتعال انگیزی پر ہمیشہ سختی سے جواب دے گا۔ انہوں نے ریلی میں کہا کہ ہندوستان کسی کو اکساتا نہیں ہے لیکن اگر کوئی ہمیں چیلنج کرتا ہے تو ہم منہ توڑ جواب دیں گے۔