اننت ناگ/اوڑی /کپوارہ//سرحدی ضلع کپوارہ کے کرالہ پورہ جنگلات میں گزشتہ4روز سے لگی آ گ ہنوز جاری ہے ۔ادھر لدر ڈویژن اننت ناگ میں بھی آگ بے قابو ہوگئی ہے جس کی زد میں آکر سینکڑوں درخت خاکستر ہونے کا اندیشہ ہے۔بجہامہ اوڑی میں بھی کئی جنگلات ہولناک آگ کی لپیٹ میں ہیں۔تفصیلات کے مطابق اننت ناگ کے لدر فارسٹ ڈویژن کے کمپارٹمنٹ نمبر39Lمیں لگی آگ سے سینکڑوں درخت متاثر ہوئے ہیں جبکہ محکمہ جنگلات کی طرف سے آگ کو قابو کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوپارہی ہیں۔ادھر کپوارہ ضلع میں گزشتہ ایک مہینے کے دوران مختلف جنگلات میں آ گ لگنے کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک ایک درجن سے زائد کمپارٹمنٹ اس کے ذد میں آکر خاکستر ہوئے ہیں ۔لولاب ،کلاروس ،آورہ ،زرہامہ ،کاچہامہ ،ہچ مرگ ،فلمرگ ،راجواڑ کے بعد اب کرالہ پورہ کے بڈنمل علاقہ میں کمپارٹمنٹ 28اور30میں کئی روز سے لگی آ گ ہنوز جاری ہے ۔ان علاقوں کے مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ بڈنمل کے کمپارٹمنٹ 28میں گزشتہ4روز سے لگی آ گ جاری ہے کہ اس دوران یہ آگ کمپارٹمنٹ30میں بھی پھیل گئی جس کے نتیجے میں آ بادی میں سخت تشویش پائی جارہی ہے ۔بتا یا جاتا ہے کہمل فارسٹ ڈویژن کرالہ پورہ کے بڈنمل علاقہ میں گزشتہ4روز سے لگی آ گ سے سینکڑو ں پیڑ پودوں کے علاوہ قد آ ور درخت راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوچکے ہیں اور محکمہ جنگلات کے درجنو ں ملازم آ گ بجھانے کے کام میں مصروف ہیں تاہم 4روز گزر نے کے با وجود بھی آ گ بجھانے میں ناکام ہو گئے ہیں ۔اس دوران ضلع کے دیگر علاقوں کے لوگو ں نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ گذشتہ سال بھی کپوارہ میں طو فانی ہوائوں اور بھاری برف باری کی وجہ سے سینکڑو ں سر سبز درخت جڑ سے اکھڑ گئے جس کے بعد محکمہ نے ان کی نشاندہی کر کے ان درختان کی لکڑی کو منڈیو ں میں جمع کر نے کے احکامات صادر کئے تاکہ اس لکڑی کو صارفین میں تقسیم کیا جائے گا لیکن مقامی لوگو ں کے مطابق آج تک بھی اس لکڑی کو جنگلات سے نہیں اٹھایا گیا اور یہ اس لکڑی کو دن دھاڑے سمگلرو ں نے فرو خت کیا اور محکمہ ہزارو ں فٹ کی اس تعمیراتی لکڑی کو بچانے میں ناکام ہو گیا ۔دریں اثناء بجہامہ بونیار کے جنگلات میں آگ سے سینکڑوں سر سبز درخت جل کر راکھ ہوئے ہیں۔اطلات کے مطابق بونیار اوڑی کے بجہامہ علاقے میں گزشتہ تین دن سے جنگل کے کمپاٹمنٹ نمبر 8 میں آگ لگی ہوئی ہے مگر محکمہ جنگلات کا کوئی بھی اہلکاروہاں نہیں پہنچا۔علاقے کے ایک شہری ناطق سپور لون نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ تین دن قبل نزدیکی جنگل میں اچانک آگ نمودار ہوئی جو آج تیسر روز بھی جاری ہے ۔ انہوں نے محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کو اس کی خبر بھی دی تھی مگر تین دن گزرجانے کے باوجود کوئی بھی اہلکارر موقعہ پر نہیں آیا ۔