گول//گزشتہ شب سے پورے خطہ چناب کے ساتھ ساتھ گول میں بھی برف باری اور بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ۔چار ماہ کی لگا تار خشک سالی کے بعد آج پہلی مرتبہ بارشیں اور برف باری ہوئی جس وجہ سے لوگوں نے راحت کی سانس لی ۔ وہیں خشک سالی کی وجہ سے مختلف بیماریاں پھوٹ پڑی تھیں اور چشمے سوکھ گئے تھے جس کی وجہ سے ہر جگہ پر پانی کی ہا ہاکار تھی اور لوگ بوند بوند کے لئے ترس رہے ہیں ۔ گول کے مختلف علاقوں بدھن ، کلی مستیٰ ، گاگرہ ، بھیمداسہ ، وغیرہ علاقو ں میں ہلکی برف باری ہوئی جبکہ دگن ٹاپ میں شام تک تقریباً چھ انچ برف جمع ہوئی تھی جس وجہ سے گول مہور شاہراہ پر ٹریفک کو بریک لگی ۔ گول کے نچلے علاقوں سنگلدان ، داڑم ، دھر م کنڈ، اندھ ، ٹھٹھارکہ ، داچھن وغیرہ علاقوں میں لگا تار موسلادھار بارشیں ہو رہی ہیں ۔ بارشوں اور برف باری کی وجہ سے سردی کی لہر میں اضافہ ہو گیا ہے ۔ وہیں کئی لوگوں نے شکایات کی کہ انہیں راشن نہیں مل رہا ہے جس وجہ سے وہ کافی پریشان ہیں اور دو دو ماہ کا راشن بقایا ہے ۔ اگر چہ محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری نے ہر ماہ 15تاریخ تک لوگوں میں راشن تقسیم کرنے کا وقت مقرر کر رکھا ہے لیکن گول میں ایسا کچھ نہیں ہو رہا ہے اور ان تمام احکامات کو ردی کی ٹوکری میں ڈال دیا جاتا ہے جس وجہ سے عام لوگ کافی پریشان ہیں ۔ بجلی کی آنکھ مچولی سے لوگ پہلے سے ہی پریشان تھے لیکن بوندا باندی کے ساتھ ہی بجلی بھی آنکھ مچولی شروع کرنے لگی ۔ ادھر مہا کنڈ کی عوام کا کہنا ہے دوروز سے وہاں پر لگا تار بجلی بند ہے جس وجہ سے لوگ کافی پریشان ہیں ۔
کشتواڑ
عظمیٰ نیوز
وادی چناب میں پیر کے روز بھاری بارشوں کی وجہ سے زندگی تھم سی گئی ،کشتواڑ میں جگہ جگہ پر پانی بھر گیا ہے۔بھاری بارشوں سے کشتواڑ کی سڑکوں اور گلیوں سے پانی اوپر بہہ رہا ہے۔بس اسٹینڈ، فیصل آباد روڈ ،گوڑیاں ، اور گُدھالی چوک بھی زیر آب رہے۔جسکی وجہ سے لوگوں کو کافی پریشانیاں ہوئی ہیں۔بھاری بارشوں کی وجہ سے وادی چناب میں درجہ حرارت میں بھی نمایاں کمی درج کی گئی .،جو کہ پیر کے روز 9.7ڈگری سیلسیس رہا۔کشتواڑ کے ایک مقامی بیوپاری نے بارشوں پر کہا کہ فقط ایک دن کی بارشوں سے کشتواڑ میں روز مرہ کی ز ندگی درہم برہم ہوگئی۔سینکڑوں لوگوں نے کہا کہ ناقص بد رو سسٹم کی وجہ سے علاقہ میں بارشوں نے کافی پریشانیاں لائی ہیں۔انہوں نے انتظامیہ پر مبینہ الزام لگایا کہ وہ علاقہ میں ڈرینئیج سسٹم کو بہتر بنانے میں ناکام رہی ہے ،جسکی وجہ سے معمولی بارش سے لاگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔سرد موسمی حالات کی وجہ سے کشتواڑ میں لوگوں نے گرم اور اونی ملبوسات پہن لئے ۔ ضلع کے میدانی علاقوں میں بارشوں اور بالائی علاقوں میں تازہ برف باری سے لوگوں کو پریشانیاں ہوئی ہیں۔
بھدرواہ
طاہر ندیم خان
چار مہینوں کی لگاتار خُشک سالی کے بعد وادی چناب میں خشک سالی کا جمود ٹوٹ گیا اور اس موسم کی پہلی برف باری سے لوگوں کو راحت ہوئی ہے۔ جہاں پر پہاڑوں پر کافی برف باری ہوئی ہے وہیں میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ پیر کے روز لگاتار جاری رہا، جس سے معمول کا درجہ حرارت کا فی کم ہوگیا اور بض مقامات پر یہ منفی تک پہنچ گیا جس سے عام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی۔وادی کے بعض علاقوں میں علل صُبح سے ہی بارشوں کے ساتھ ساتھ تیز ہوائیں چل رہی تھی۔جبکہ بھدرواہ، کشتواڑ اور گندوہ میں پیر کے روز بعد دوپہر موسم کی پہلی برفباری ہوئی۔کشتواڑ، ڈوڈہ، رام بن، بانہال؛ اور گندوکے علاقوں میں بھی درمیانہ درجہ کی برفباری ہونے کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔تاہم وادی چناب کے میدانوں میں صُبح سے ہی بارشیں جاری تھیں، جسکی وجہ سے بیشر لوگ گھروں میں ہی رہےاور گرم ملبوسات پہنتے ہوئے نظر آئے۔سرد موسم کا مقابلہ کرنے کے لئے لوگوں نے بُخاریوں کا بھی استعمال شروع کیا ہے۔دریںاثنا ایک سرکاری اہلکار نے کہا ہے کہ موسم کی پہلی برف باری سے زراعت اور باغبانی پر اچھے نتائج ہونے کی توقع ہے۔وہیں تیز ہواﺅں کے ساتھ ہوئی بھاری بارشوں نے بعض علاقوں میں تباہی مچائی ہے۔گذشتہ شب بھدرواہ کے موضع گھوراکا میں ریشی کمار کا رہائشی مکان تیز بارشوں کی وجہ سے منہدم ہوا ،حالانکہ مکین معجزاتی طور سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوئے۔مکمہ موسمیات نے اگلے 48گھنٹوں تک مزید بارشوں اور 15دسمبر2017 کے بعد موسم میں بہتری کی پیشنگوئی کی ہے۔