رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن کے حد متارکہ کے قریبی گائوں پکھرنی میں گزشتہ 22روز سے پینے کے صاف پانی کی سپلائی بند پڑی ہوئی ہے لیکن متعلقہ محکمہ کی جانب سے ابھی تک اس سپلائی کو بحال کرنے کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے۔مقامی لوگوں نے محکمہ جل شکتی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گزشتہ 22روز سے وہ محکمہ کے ملازمین وآفیسران سے رجوع کررہے ہیں لیکن حدمتارکہ کے قریبی گائوں میں پانی کی بحالی کیلئے ابھی تک کوئی قدم نہیں اٹھایاگیا ہے ۔انہوں نے ملازمین پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ وہ ڈیوٹی پر حاضر ہی نہیں ہورہے ہیں جبکہ محکمہ کے اعلیٰ آفیسران بھی عوام کو سپلائی فراہم کرنے کیلئے سنجیدہ نہیں ہیں جس کی وجہ سے شدید گرمی اور رمضان کے دوران عوام کو پانی جیسی بنیادی سہولیت فراہم ہی نہیں ہورہی ہے ۔غور طلب ہے کہ محکمہ کی مبینہ لاپرواہی کی وجہ سے حدمتارکہ کے قریب گائوں میں پانی کی بحرانی صورتحال پیدا ہوگئی ہے اور مقامی لوگ میلوں دور سے پینے کیلئے صاف پانی لانے پر مجبور ہیں تاہم انتظامیہ بالخصوص متعلقہ محکمہ کی جانب سے کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ گائوں میں جلدازجلد سپلائی بحال کی جائے ۔