عظمیٰ نیوزسروس
راجوری//ایس آف سپیڈس ڈویژن کے زیراہتمام فوج نےکرگل وجے دیوس رجت جینتی سماروہ-2024 کی یاد میں اس سال ایل سی کے قریب دیہاتوں کے لیے والی بال چیمپئن شپ کا آغاز کیا ہے۔ یہ کپ بہادر دل (مرحوم ہردیپ سنگھ) کی یاد میں قائم کیا گیا ہے جو لام سے تعلق رکھتے تھے اور انہوں نے سال 1999میں آپریشن وجے (کرگل) کے دوران عظیم قربانی دی تھی۔ ٹورنامنٹ 10جون 2024 کو شروع ہوا اور فائنل 18جون 2024کوکھیلاگیا۔ خواتین اور بچوں سمیت مقامی آبادی نے کلال، گاؤچر، بسالی، لام، منگلا، نونیال اور بھوانی کے دیہاتوں کی 16ٹیموں کی پرجوش شرکت کا مشاہدہ کیا۔ٹیٹوال واریرز کے زیر اہتمام منعقدہ اس تقریب میں نہ صرف شرکاء کی ایتھلیٹک صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا گیا بلکہ کرگل جنگ کے ہیروز اور خاص طور پر ناریاں اور نوشہرہ کے مقامی علاقوں سے تعلق رکھنے والوں کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب کے دوران مقامی علاقے سے کارگل جنگ کے ہیروز کے ویر ناریوں کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔