اسلام آباد// بھارت نے دو پن بجلی گھروں پکل ڈول اور لوئر کلنائی کے ڈیزائن کا معائنہ کرنے سے پاکستان کو روک دیا ہے۔بھارت نے یہ موقف اختیار کیا ہے کہ متعلقہ انتظامیہ کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کی وجہ سے 5 اکتوبر تک مصروف ہے اسلئے پاکستانی وفد دورہ نہیں کر سکتا۔تاہم نئی د ہلی نے کوئی تاریخ نہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ بہت جلد پاکستانی حکام سے خود رابطہ کریں گے۔ پاک بھارت آبی تنازع کے حوالے سے انڈس کمیشن کے تحت 29 اگست کو 9 رکنی بھارتی وفد لاہور پہنچا تھا اور پاکستان کی جانب سے دریائے چناب پر 48میگاواٹ کے لوئر کلنائی اور 1000 میگاواٹ کے پکل ڈول ہائیڈرو پاور پروجیکٹس کی تعمیر پر تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔ دو روزہ مذاکرات میں طے پایا تھا کہ پاکستان کے تحفظات دور کرنے کے لئے بھارت رواں ماہ اپنے دونوں منصوبوں کے ڈیزائن کا معائنہ کرائے گا۔ساتھ ہی بھارتی وفد نے یقین دلایا تھا کہ منصوبوں پر تحفظات اور اعتراض کو خوشگوار ماحول میں دور کیا جائے گا اور پاک بھارت واٹر کمیشن کا اگلا اجلاس نئی دہلی میں ہوگا۔اب بھارت کی جانب سے معائنہ سے انکار نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی سائیڈ لائن میں پاک بھارت وزرائے خارجہ کی ملاقات منسوخ ہونے کی وجہ قرار دیا جارہا ہے۔پاکستانی اتھارٹی نے بذریعہ مراسلہ بھارت کے متعلقہ اداروں سے تصدیق چاہی کہ انڈس واٹر کمشنر کی قیادت میں3 رکنی پاکستانی ٹیم رواں ماہ کے آخری ہفتے میں منصوبوں کا معائنے کرے گی۔تاہم مراسلے کے جواب میں بھارت نے موقف اختیار کیا کہ متعلقہ انتظامیہ کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کی وجہ سے 5 اکتوبر تک مصروف ہے، اس لئے پاکستانی وفد7 سے 11 اکتوبر تک دورہ نہیں کر سکتا ہے۔ بھارتی حکام نے معائنہ کرنے کا شیڈول معطل کردیا ۔‘