بارہمولہ //پٹن پولیس نے نقب زنی کا معاملہ حل کرتے ہوئے 4چوروں کی گرفتاری عمل میں لائی اور ان کی تحویل سے لاکھوں روپے مالیت کے زیورات اور نقدی برآمد کی ہے۔ 22اپریل 2018کو پولیس اسٹیشن پٹن میںتحریری طورپر شکایت درج کی کہ عبدالرحمن مرازی ولد عبدالاحد کی سونار کی دکان واقع حیدر بیگ پٹن میں نامعلوم افراد گھس گئے اور وہاں سے لاکھوں روپے کے ز یورات کے علاوہ معمر شخص سے بیگ چھین لیا جس میں سونے کے زیورات کے علاوہ 1.3لاکھ روپے کی رقم موجود تھی۔ شکایت درج کرنے کے بعد پولیس نے اس ضمن میں ایف آئی آر زیر نمبر 87/2018زیر دفعہ 392آر پی سی کے تحت کیس درج کرکے ایس ڈی پی او پٹن راجہ ماجد کی سربراہی میں سپیشل تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی جس کی قیادت ایس ایچ او پٹن محمد سلیم نے کی۔ ٹیم نے مشتبہ شخص عاشق حسین صوفی ساکنہ پٹن کی گرفتاری عمل میں لا کر پوچھ تاچھ شروع کی جس دوران اُس نے مزید تین ساتھیوں محمد ابراہیم راتھر ، سید ظفر شاہ ساکنان پٹن اور سجا د احمد پرے ساکنہ سمبل کے نام بتائے اور ان کی گرفتاری عمل میں لائی ۔ تفتیش کے دوران نقب زنوں نے بتایا کہ چوری کے بعد وہ آلٹوگاڑی زیر نمبر JK15-0649میں فرار ہوئے ۔ تحقیقاتی ٹیم نے آلٹو گاڑی اور 10لاکھ روپیہ مالیت کے زیورات اور 1.3لاکھ نقدی کو برآمد کرکے ضبط کی ۔ چرائے گئے سونے میں سے کچھ طلائی زیورات نقب زنوں نے سمیر احمد ڈار ساکنہ پٹن کو فروخت کئے تھے چنانچہ پولیس نے اُس کو بھی گرفتار کرکے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔