بارہمولہ//شمالی قصبہ پٹن کے گنڈابراہیم علاقے میں سوموار کو اُس وقت افرا تفری مچ گئی جببیٹے نے باپ کو ایک جھگڑے کے دوران اپنی لائنس یافتہ12بور رائفل سے مار نے کی کوشش کی ۔ہاتھا پائی کے دوران ایک18 سالہ نوجوان شدید زخمی ہوا جس کو نازک حالت میں سرینگر منتقل کیا گیا ۔ جبکہ ملزم جائے واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہوا ۔ معلوم ہوا ہے کہ قصبہ پٹن کے مظافاتی گائوں گنڈ اپراہم علاقے میں بشیر احمد ڈار ولد غلام محمد کااپنے بیٹے فیاض احمد ڈارکے ساتھ کسی بات کو لیکر تنازعہ چل رہا تھا جس پردونوں باپ بیٹے اکثر اوقات ایک دوسرے سے لڑائی جھگڑے پر اتر آتے تھے۔ عینی شاہدین کے مطابق سوموار کی صبح بھی دونوں کے مابین اسی تنازعے کو لیکر پہلے زبر دست نوک جھونک اور بحث و تکرار ہوئی جبکہ بعد میں نوبت باضابطہ ہاتھا پائی تک جا پہنچی۔ لوگوں کے مطابق اس جھڑپ کے بیچ ہی فیاض احمد اپنی لائنس یافتہ12بور رائفل لیکر آیا اوراپنے والدکو نشانہ بناتے ہوئے گولی چلائی۔گولی چلنے کی آواز سے پورے علاقے میں سراسمیگی پھیل گئی اور لوگ گھروں سے باہر آکر جائے واردات کی طرف دوڑپڑے۔اس واقعہ میں بشیر احمد ڈار کا 18سالہ بھتیجا وحید احمد ڈار ولد منظور احمد کو نازک حالت میں سب ڈسٹرکٹ اسپتال پٹن سے صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ سرینگر منتقل کیا گیا۔ اس سلسلے میں ایس ایچ او پٹن نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ18سالہ وحید احمد ڈار ولد منظور احمد ڈار کے سر میں گولی پیوست ہوئی اور اُس کو نازک حالت میں سرینگر منتقل کیا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے ملزم کی تلاش بڑے پیمانے پر شروع کردی۔