سرینگر//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے مذہبی سکالروں اور علماء پر زور دیا ہے کہ وہ لوگوں کو اسلام کے اس پیغام سے روشناس کرائیں جس میں امن، حصول تعلیم ، اخوت او رہمدردی اقدار کی عکاسی ہوتی ہے۔انہوں نے کہاکہ صورتحال کے اس فکر مند پہلو پر غور کرنے کی ضرور ت ہے کہ سماج کے انتہائی غریب اور پسماندے طبقے تشدد دار صورتحال سے متاثر ہوتے ہیں۔انہوں نے علماء اور سکالروں سے کہا کہ یہ ہمارے سامنے ایک چیلنج ہے لیکن جو عزت و وقارکا مقام آپ لوگوںکو حاصل ہے،مجھے امید ہے کہ آپ اپنی ذمہ داریاں بخوبی انجام دیں گے۔وزیرا علیٰ نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ سماج کے غریب اور پسماندہ طبقے ہی تشدد دار حالات کے شکار ہوتے ہیں ۔اس عمل کی وجہ سے یہ طبقے یا تو بھیک مانگنے پر مجبو ر ہوتے ہیں یا زندہ رہنے کے لئے اپنے اثاثے تک بیچ ڈالتے ہیں۔انہوں نے علماء سے کہا کہ وہ یہ صورتحال لوگوں کو سمجھائیںجو ہمارے سماج کے صحت مند نظام کو اور زیادہ تکلیف اور مصائب کا شکار بنا دیتا ہے ۔کل یہاں مذہبی سکالروں کی ایک وفد کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے مذہبی سکالروں سے کہا کہ وقت کی ضرور ت ہے کہ اسلا م کے آفاقی پیغام کو لوگوں میں عام کیاجائے تاکہ دیگر طبقوں میں اس حوالے سے غلط فہمیوں کو دور کیا جاسکے ۔سماج و تعلیم کے رول کو اُجاگر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اسلام حصول تعلیم پر زور دیتا آرہا ہے اور یہ کہ تعلیم سماجی برابری کا ایک اہم ذریعہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ رواں برس کے سول سروسز امتحانات میں 57مسلم اُمیدواروں کی کامیابی سے اس بات کا ثبوت ملتا ہے کہ حصول تعلیم سے نوجوان دنیا میں کچھ بھی حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے علماء سے اپیل کی کہ وہ اپنے خطبوں میں تعلیم کی اہمیت کو اُجاگر کریں۔