محمد تسکین
بانہال// راشٹریہ رائفلز نے محکمہ سیاحت کے تعاون سے ضلع رام بن کے پوگل علاقے سے تین روزہ ٹریکنگ مہم کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ ٹریکنگ کی اس مہم کو بلاک ترقیاتی چیئرمین اْکڑال کرلیپ سنگھ بالی نے جھنڈی دکھاکر روانہ کیا ۔اس موقع مقامی لوگ اور فوجی افسران موجود تھے۔زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے 16 ٹریکر، بلاگرز، فوٹوگرافر، ریاستی حکومت کے نمائندے اور مقامی لوگ اس موقع پر موجود تھے۔
ٹریکنگ میں دو خواتین اور 14 مرد شریک ہیں جن میں سے مقامی اور باہر کے ٹریکر بھی شامل ہیں۔ یہ ٹریک خوبصورت وادی پوگل سے شروع ہوا اور سرگلی میں قیام کرے گا۔ اس کے بعد یہ ٹریکنگ ٹیم شاندار پیر پنجال سلسلوں میں غیر دریافت شدہ سبزہ زاروں ، جھیلوں، آبشاروں اور چوٹیوں سے گزرے گا۔
اس مہم میں شامل شرکاء حب الوطنی، خواتین کو بااختیار بنانے اور خود روزگاری پر مقامی نوجوانوں کے ساتھ بات چیت بھی کریں گے اور مقامی طرز زندگی رہن سہن اور کھان پان سے ہم آہنگ ہوں گے۔ فوج کی طرف سے اس ٹریکنگ مہم کا مقصد علاقے کی سیاحت کو فروغ دینا ہے جسے معمول کے حالات کی واپسی اور مختلف ترقیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے حوصلہ ملا ہے اور اس کیلئے ریاستی انتظامیہ بالخصوص جموں وکشمیر کا محکمہ سیاحت کا کام قابل تعریف ہے۔