پونچھ// جی ایس ٹی کے اطلاق کی وجہ سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہونے کے خدشہ پر پچھلے کئی روز سے پونچھ میں پیٹرول پمپوں پر صارفین کو ڈیزل اور پیٹرول فراہم نہیں کیا جا رہا تھا جس کی وجہ سے یہاں کے لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔جمعرات کو پیٹرول پمپوں پر ایک بار پھر سے پیٹرول اور ڈیزل فروخت کیا جانے لگا تو اچانک پیٹرول پمپوں پر صارفین کا رش نظر آیااور لوگوں نے ضرورت سے بھی زیادہ پیٹرول اور ڈیزل کی خریداری کی۔ان لوگوں کا کہنا تھا کہ پیٹرول بیچنے والے اپنے ذاتی مفاد کے لئے ایک دم سے پیٹرول اور ڈیزل بند کر دیتے ہیں جس کی وجہ سے صارفین پریشان ہو جاتے ہیں۔انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ پیٹرول پمپ والوں کو ہدایت کرے کہ وہ بلاوجہ لوگوں کو پریشان نہ کیاکریں۔