حسین محتشم
پونچھ//پونچھ قصبہ میںپانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ کئی محلہ جات میں لوگوں کی جانب سے آئے روز یہ شکایت رہتی ہے کہ معمول کے مطابق پانی کی سپلائی نہیں ہو رہی ہے جسکی وجہ سے وہ پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں۔گزشتہ روز وارڈ نمبر10محلہ گیتا بھون میں پانی کی عدم دستیابی پر عوام نے حکومت اور محکمہ جل شکتی کے عہدیدار اور ملازمین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آئے دن مرکزی اسکیم ’’ہر گھر کو نل سے جل‘‘ اسکیم سے متعلق بیانات اور اشتہارات جاری کرتے ہیں، تاہم زمینی صورتحال مختلف ہے۔لوگوں کا کہنا تھا کہ اکیسویں صدی میں بھی پونچھ ضلع کے کچھ ایسے علاقے موجود ہیں جنہیں کئی کلومیٹر دور سے گھوڑوں اور ریڑیوں پر پانی لانا پڑتا ہے۔انھوں نے کہا کہ ضلع ہیڈ کوارٹر کی حالت بھی کچھ خاص نہیں ہے یہاں بھی لوگ پانی کے لئے ترستے رہتے ہیں۔مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ وارڈ نمبر 10کی جامع مسجد نظام الدین جو ایک تاریخی مسجد ہے اس میں نمازیوں کو وضو کرنے کے لئے پانی دستیاب نہیں تھا ۔انھوں نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی معقول فراہمی نہ ہونے سے آبادی کو کافی مشکلات کا سامنا ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ کئی بار انہوں نے اعلیٰ حکام تک یہ بات پہنچائی اور متعدد مرتبہ دفاتر کے چکر بھی کاٹے تاہم انھیں کچھ حاصل نہیں ہوا۔انھوں نے کہا کہ ایک دو دن پانی چھوڑا جاتا ہے اس کے بعد وہی حال ہوجاتا ہے۔شہریوں نے ضلع انتظامیہ پونچھ خاص طور پر ضلع ترقیاتی کمشنر اور گورنر انتظامیہ سے ذاتی مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے علاقے میں پانی کی معقول سپلائی کو یقینی بنانے کی مانگ کی۔