پونچھ کے متعدد علاقوں میں طوفانی بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا درنگلی نالہ پل کو نقصان پہنچنے کے بعد انتظامیہ نے آمدورفت بند کر دی

حسین محتشم

پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے متعدد علاقوں میں گزشتہ روز ہوئی شدید بارش کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی جس کی وجہ سے کئی ایک ندی نالوں میں پانی کی سطح میں بھی اضافہ ہوگیا ۔اس دوران شدید بارش کی وجہ سے قصبہ پونچھ کو دیگر علاقوں کیساتھ جوڑنا والا ایک اہم درنگلی نالہ پل کو نقصان پہنچنے کی وجہ سے انتظامیہ نے گاڑیوں کی آمد ورفت بند کر دی ۔اضافی ترقیاتی کمشنر پونچھ طاہر مصطفیٰ ملک نے ضلع پونچھ کی تحصیل حویلی کے بلاک ننگالی صاحب سائیں بابا کے درونگلی نالے پر بنائے گئے پل کا دورہ کیا جس کا ایک حصہ گزشتہ رات بارش اور پانی کے شدید بہاؤ سے بہہ گیا تھا۔انہوں نے اس پل پر گاڑیوںکی آمدورفت فی الحال بند کر دی اور لوگوں کو یقین دلایا کہ پل کی جلد مرمت کر کے اس پر گاڑیوں کی آمدورفت بحال کر دی جائے گی تاہم حیران کن بات یہ ہے کہ 2014 کے سیلاب میں جب اس پل کا ایک حصہ تباہ ہوا تھا اس وقت کی انتظامیہ نے بھی اسی طرح کی یقین دہانی کرائی تھی جبکہ ایک دھائی گزرنے کے بعد بھی زمینی سطح پر مرمت کا کوئی کام نہیں ہوا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر سال ہزاروں عقیدت مند اس پل سے ننگالی میں واقع گردواہ ڈھیرہ سنت پوری صاحب آتے ہیں۔ اسی راستے عقیدت مند سائی بابا میراں بخش رحمۃ اللہ علیہا کے عرس کے لئے آتے ہیں اور اسی پل سے گزر کر یاتری بڈھا امرناتھ یاترا کیلئے جاتے ہیں لیکن بدقسمتی سے ضلع انتظامیہ اور بی آر او نے اس طرف توجہ نہیں دی جس کی وجہ سے وقت گزرنے کیساتھ ساتھ پل گاڑیوں کی آمد ورفت کے اہل نہیں رہا ۔شہریوں کے مطابق متعلقہ محکمہ کی لاہرواہی کی وجہ سے آج یہ پل معمولی بارش کی وجہ سے بہہ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ قائدین، سماجی کارکنان، عوام اور صحافیوں نے یہ مسئلہ جموں و کشمیر انتظامیہ اور ضلع انتظامیہ کے سامنے کئی بار اٹھایا ہے، لیکن بدقسمتی سے کسی نے اس پر کوئی توجہ نہیں دی۔