پونچھ کا نوجوان سپورٹس کوچنگ کیلئے منتخب

حسین محتشم

پونچھ//دور دراز اور سرحدی ضلع پونچھ کے رکشت شرما ولد سوم ناتھ شرما نے نیتاجی سبھاس سدرن سنٹر میں ہاکی کا ڈپلومہ حاصل کیا ہے ان کو اسپورٹس کوچنگ کیلئے منتخب کیا گیا ہے جس کی وجہ پونچھ کی عوام میں خوشی کی لہر دوڑ پڑی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ان کا سر فخر سے بلند ہوا ہے۔کھیلوں سے منسلک افراد کا کہنا ہے کہ رکشت کا اس کامیابی تک کا سفر ان کی اٹوٹ لگن اور محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ بابا بندہ سنگھ بہادر ہاکی کلب پونچھ کے ایک نامور کھلاڑی کی حیثیت سے، انہوں نے قومی سطح کے مختلف ٹورنامنٹس میں اپنی ٹیم کی شاندار نمائندگی کی ہے، جن میں سکول نیشنلز، جونیئر نیشنلز، انٹر یونیورسٹی اور سینئر نیشنلز شامل ہیں۔ اس دوران ہاکی کوچ متندرپال سنگھ اور رنویت سنگھ، جنہوں نے رکشت کی صلاحیتوں اور مہارتوں کو پروان چڑھایا ہے ،نے اس شاندار کارنامے پر مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رکشت کے ایک سند یافتہ کوچ بننے سے بہت خوشی ہوئی ہے۔ رکشت کا انتخاب مشکلات پر فتح حاصل کرنے کی صلاحیت اور استقامت کی ایک روشن مثال ہے۔ وہ دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے ہاکی کے خواہشمند کھلاڑیوں کے لئے ایک تحریک ہے، جنہوں نے یہ ثابت کیا کہ عزم اور محنت سے کوئی بھی اپنے خوابوں کو پورا کر سکتا ہے۔