سمت بھارگو
پونچھ // غیر قانونی کان کنی کے خلاف اپنی مہم کو جاری رکھتے ہوئے پونچھ پولیس نے سرنکوٹ تھانہ کے دائرہ اختیار میں آنے والے فضل آباد علاقے میں کامیاب کارروائی انجام دی۔ اس دوران پولیس نے غیر قانونی طور پر معدنیات کی نکاسی اور ان کی نقل و حمل میں ملوث سات ٹریکٹر ٹرالیاں موقع پر ہی ضبط کر لیں۔پولیس کے مطابق یہ کارروائی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی جس میں بتایا گیا تھا کہ مذکورہ علاقے میں غیر قانونی کان کنی اور معدنیات کی غیر قانونی نکاسی کا سلسلہ جاری ہے۔ اطلاع ملتے ہی سرنکوٹ پولیس کی ایک ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی اور کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ٹریکٹروں کو پکڑ لیا۔پولیس نے بتایا کہ ضبط شدہ تمام ٹریکٹر ٹرالیاں اپنی تحویل میں لے لی گئی ہیں اور ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ اس ضمن میں مائننگ ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ قریبی تال میل قائم کیا گیا ہے تاکہ ملوث افراد کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جا سکے۔غیر قانونی کان کنی نہ صرف قدرتی وسائل کی تیزی سے کمی کا باعث بن رہی ہے بلکہ ماحولیاتی نظام کیلئے بھی ایک سنگین خطرہ ہے۔ اس سے مٹی کٹاؤ میں اضافہ ہوتا ہے اور دریاؤں و ندی نالوں کو نقصان پہنچتا ہے، جس کے نتیجے میں مقامی آبی وسائل شدید متاثر ہوتے ہیں۔ضلع پولیس پونچھ نے واضح کیا ہے کہ وہ غیر قانونی کان کنی مافیا کے خلاف اپنی مہم کو مزید تیز کرے گی تاکہ قانون کا مکمل نفاذ یقینی بنایا جا سکے اور قدرتی وسائل کو بچایا جا سکے۔ پولیس نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اس سلسلے میں انتظامیہ اور پولیس کا بھرپور ساتھ دیں اور جہاں کہیں بھی غیر قانونی کان کنی یا معدنیات کی غیر قانونی نکاسی کی سرگرمی دیکھیں، فوری طور پر اطلاع فراہم کریں تاکہ ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جا سکے۔پونچھ پولیس نے یہ عزم دہرایا کہ دریاؤں، چشموں اور ندی نالوں کو غیر قانونی استحصال سے بچانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے اور ماحول دوست پالیسیوں پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔