پونچھ//پوری دنیا کی طرح پونچھ میں بھی یوم مئی کو یوم مزدوران کے طور پر منایا گیا ۔ لیبر یونین پونچھ کی جانب سے بھی ایک ریلی ضلع صدر اقبال حسین میر کی قیادت میں نکالی گئی ۔اس ریلی کے دوران مزدوروں نے اپنے ہاتھوں میں سرخ جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور اپنے حقوق کے متعلق نعرے بازی کر رہے تھے۔اقبال میر نے کہا کہ یوم مئی صرف مزدوروں کے نام سے منسوب کیا گیا ہے لیکن مزدرورں کے لئے زمینی سطح پر کچھ نہیں کیا جاتا۔انہوں نے سرکار سے اپیل کی کہ مزدروں کی فلاح کے کام کئے جائیں۔دریں اثناء جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام ایک اجلاس منعقد کیاگیا جہاں مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے تقریباً اسی (80 )ممالک میں یکم مئی کو یوم مزدور کے طور پر منایا جاتا ہے ۔انہوں نے ریاستی ملازموں اور مزدوروں کو درپیش مسائل پر بولتے ہوئے کہا کہ مزدوروں کو معاشی حقوق فراہم نہیں کئے جا رہے اور انہیں انکے حقوق کے بارے میں آگاہ بھی نہیں کیا جاتا۔وہیں انصاف مومنٹ کی طرف سے بھی ایک تقریب ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے اس کے چیئرمین جاوید اقبال ریشی نے کہا کہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ جن لوگوں کے خون پسینے کی محنت سے آج لوگ عالیشان گھروں میں زندگی بسر کرتے ہیں ،انہیں انکی محنت کا معاوضہ بھی صحیح سے ادا نہیں کیا جاتا۔انہوں نے کہا کہ حضورؐکا ارشاد ہے کہ مزدور کی مزدوری اسکا پسینہ خشک ہونے سی پہلے دو‘‘ لیکن سرکاری محکہ جات کی جانب سے مزدوروں کو ان کا محنتانہ رلا رلا کر دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزدور طبقے کی غربت کے پیشِ نظر انکے بچے پرائمری جماعت سے آگے تعلیم حاصل کرنے سے قاصر ہیں۔مقررین نے کہاکہ اگر چہ سرکار کی جانب سے انہیں تعلیم فراہم کرنے کے لئے اسکیمیں چلائی جاتی ہیں لیکن ان کا فائدہ مزدور نہیں اٹھا پاتے کیونکہ وہ ان اسکیموں کی آگاہی ہی نہیں رکھتے ۔انہوں نے کہا کہ سب سے محنت کش طبقہ مزدور ہے لیکن ان کے پاس نہ رہنے کے لئے چھت ہو تی ہے اورنہ ہی دو وقت کی روٹی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مزدوروں کے حوالے سے بہتر منصوبوں پر کام کیا جائے۔