حسین محتشم
پونچھ// ضلع پونچھ میں کھیلی جا رہی پہلی کلاریپائیٹو چمپئن شپ 2025-26 انڈور اسپورٹس کمپلیکس، پونچھ میں شاندار طریقے سے اختتام پذیر ہوئی۔ چمپئن شپ میں پونچھ کے مختلف اسکولوں کی نمائندگی کرنے والے تقریباً 100 ایتھلیٹس نے پرجوش شرکت کی، جنہوں نے اپنی غیر معمولی صلاحیتوں اور مسابقتی جذبے کا مظاہرہ کیا۔ اس تقریب کا انعقاد ضلع پونچھ کالاریپائیٹو ایسوسی ایشن نے خطے میں کالاریپائیٹو کو فروغ دینے اور نوجوان کھلاڑیوں کو کھیل میں مہارت حاصل کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے کے مقصد سے کیا تھا۔ اختتامی تقریب کی میں راجیش رینا سابق بی جے پی صدر ضلع پونچھ بطور مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے جب کہ ارشاد اعظم پرنسپل ہاکیہ انٹرنیشنل اسکول نے بطور مہمان اعزازی شرکت کی۔ اس موقع پر موجود دیگر معززین میں سعد چوہان، انیل شرما، پرویز ملک آفریدی سینئر کرکٹ کوچ ڈسٹرکٹ پونچھ قابل ذکر ہیں۔ اس دوران رودراکشت گپتا ایگزیکٹیو ممبر کلاریپائیٹو ایسوسی ایشن آف جے اینڈ کے مبصر کے طور پرمدعو تھے۔ چمپئن شپ ابھے رائنا سکریٹری ضلع پونچھ کلاریپائیٹو چمپئن شپ کی تکنیکی نگرانی میں عاشق حسین کے تعاون سے منعقد ہوئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے راجیش رینا نے کھیل کو فروغ دینے اور نوجوان کھلاڑیوں کو مسابقتی پلیٹ فارم فراہم کرنے میں ضلع پونچھ کلاریپائیٹو ایسوسی ایشن کی کوششوں کی تعریف کی۔انہوں نے شرکاء کی حوصلہ افزائی بھی کی کہ وہ کھیلوں کے لئے اپنی لگن کو جاری رکھیں اور خطے کا نام روشن کریں۔ چمپئن شپ کا اختتام تمغوں کی تقسیم اور کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کے اعتراف کے ساتھ ہوا۔ اس دوران ضلع پونچھ کلاریپائیٹو ایسوسی ایشن نے تمام شرکاء ، کوچز اور عہدیداروں کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس تقریب کو کامیاب بنانے میں تعاون کیا۔