پونچھ//پورے ملک کی طرح سرحدی ضلع پونچھ میں بھی وسیم رضوی کے خلاف احتجاجی مظاہرے منعقد کئے گئے ۔انجمن جعفریہ پونچھ کے بینر تلے ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ مرکزی علی علیہ السلام جامعہ مسجد پونچھ میں شیعہ وقف بورڈ کے سابق چیئرمین وسیم رضوی کے اس بیان کہ’’ قرآن مجید سے 26آیتوں کو نکالا جائے‘‘ احتجاج کیا گیا۔احتجاج حجۃ الاسلام مولانا سید ظہور علی نقوی امام جمعہ و جماعت کی زیر نگرانی منعقد ہوا۔ اس احتجاج میں انجمن جعفریہ کے ذمہ داران کے علاوہ مسلم دانشوران ، قائدین وغیرہ نے حصہ لیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حجۃ الاسلام مولانا سید ظہور علی نقوی امام جمعہ و جماعت نے کہا وسیم رضوی کی یہ بیان بازی ناقابل برداشت ہے جس کی وہ سخت مذمت کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ قرآن کریم نے اخلاق کی تعلیم دی گئی ہے اس میں نفرت پھیلانے کا نہیں بلکہ نفرت کو دور کرنے اور محبت سے پیش آنے کا حکم دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا یہ صرف اپنی سیاسی دھاک جمانے کیلئے اس طرح کی حرکتیں کر رہا ہے۔قائد ملت جعفریہ حجۃ الاسلام مولانا سید مختار حسین جعفری مدیر مدرسہ امام محمد باقر علیہ السلام حسین آباد گورسائی نے بھی اپنے ایک بیان میں وسیم رضوی کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم پر حملہ شیطانی آلہ کار کی ناپاک حرکت ہے۔انہوں نے کہا کہ قران کریم اللہ کی کتاب ہے اوروہ خود اس کا محافظ ہے۔اس دوران سابق صدر انجمن جعفریہ پونچھ کفایت حسین جعفری اور افتخار علی بزمی نے بھی وسیم رضوی کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم کی زیر زبر میںترمیم نہیں ہو سکتی کیونکہ یہ خدائی فیصلہ ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس کے خلاف کارروئی کی جائے ۔مرکزی جامع مسجد شریف المصطفٰی ؐ منڈی میں بھی نماز جمعہ کے بعد ایک احتجاجی مظاہرہ امام جمعہ حجۃ الاسلام مولاناسید کرار حسین جعفری کی قیادت میں منعقد ہوا ۔واضح رہے کہ وسیم رضوی نے عدالت عالیہ میں قرآن مجید کے حوالے سے ایک کیس دائر کیا ہے جس میں اس ملعون نے 26آیات کو قرآن سے نکالنے کی اپیل کی ہے۔اس سلسلہ میں پوری دنیا۔ میں مسلمان غم و غصہ کا اظہارکر رہے ہیں۔ بی ڈی سی چیئر مین منڈی شمیم احمد گنائی نے بھی اس کی مذمت کرت ہوئے کہا ہے کہ یہ صرف تفرقہ پھیلانے کے لئے سوچی سمجھی سازش ہے۔