حسین محتشم
پونچھ// پونچھ ضلع انتظامیہ کی جانب سے پیر کے دن پونچھ کی وارڈ نمبر 17 محلہ آزاد میں دریا کے قریب انسداد تجاوزات مہم شروع کی۔ اس دوران تحصیلدار حویلی پونچھ اور دیگر ریونیو حکام ، پولیس فورس کے ساتھ پہنچی اور دریا پر پیلے پنجے کا آپریشن کرتے ہوئے کئی مستقل اور عارضی تعمیرات کو توڑا۔دراصل محکمہ مال کے افسران کو ضلع ترقیاتی کمشنر کی جانب سے ہدایت جاری کی تھی کہ وہ غیر قانونی تجاوزات کو مسمار کرے۔گرائے جانے والے زیادہ تر ڈھانچے دریا کے بیچوں بیچ سٹیٹ لینڈ پر بنائے گئے تھے تاہم دکانداروں نے انتظامیہ کے اس اقدام کی مخالفت بھی کی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یہ کارروائی ان کو بنا بتائے کی گئی ہے۔ دوسری جانب تحصیلدار حویلی کے مطابق ان لوگوں نے دریا کے علاقے میں قبضہ کر رکھا تھا۔ کچھ لوگوں نے عارضی تعمیرات کر رکھی تھیں جبکہ کچھ نے مستقل تعمیرات کر رکھی تھیں جس کو مسماری کر دیا گیا۔ انہوں نے کہاتجاوزات کرنے والوں کو زمین خالی کرنے لئے کئی مرتبہ کہا گیا، لیکن جب انہوں نے تجاوزات ہٹانے کے لئے کوئی قدم نہیں اٹھا یا تو انتظامیہ کارروائی کرنے پر مجبور ہوگئی۔ سرکاری عہدیداروں کے مطابق مذکورہ علاقہ سے تجاوزات ہٹا دی گئی ہیں اور کچھ لوگوں نے یقین دلایا ہے کہ وہ کچھ دنوں میں مکانات خود ہی خالی کر کے ان کو گرائیں گے ان کو مہلت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا آئندہ بھی اگر کسی نے سرکاری اراضی پر تجاوزات کی کوشش کی تو ایسے لوگوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔